ممتاز این آر آئی ایڈیٹر ان چیف روزنامہ منصف، چیئرمین منصف ٹی وی و سلطان العلوم ایجوکیشنل سوسائیٹی خان لطیف محمد خان کا آج امریکہ کے شہر شکاگو میں مقامی وقت 11.30 اور 12.00 بجے دن کے درمیان مختصر علالت کے بعد انتقال ہوگیا۔ ان کی میت کو مسلم کمیونٹی سنٹر شکاگو منتقل کیا گیا ہے جہاں نماز جمعہ کے بعد شکاگو کے مسلم قبرستان میں تدفین کی جائے گی۔
خان لطیف محمد خان پندرہ روز قبل ہی حیدرآباد سے شکاگو روانہ ہوئے تھے۔ آج اچانک طبیعت بگڑ گئی اور حرکت قلب نے کام کرنا بند کر دیا۔
مرحوم کے انتقال سے اردو صحاف سے وابسہ تمام لوگ سوگوار ہیں۔ انہوں نے 23 برس قبل روزنامہ منصف کو جدید تکنیک کے ساتھ آراستہ کر شائع کرنے کا سلسلہ شروع کیا اور اس روزنامہ کو تمام تر بلندیوں تک پہنچانے میں کامیاب ہوئے۔ الکٹرانک میڈیا کی بڑھتی مقبولیت کے پیش نظر ملک میں پہلا 24 گھنٹوں کا سٹیلائیٹ اردو نیوز چینل 'منصف ٹی وی' کے نام سے شروع کیا جس نے مسلم سماج میں ایک امید کی کرن پیدا کرنے کی کوشش کی اور اقلیتوں کے تمام مسائل کو اٹھانے میں کامیابی حاصل کی۔
مرحوم کے پسماندگان میں اہلیہ، دو بیٹے اور چار بیٹیاں شامل ہیں۔