امریکی صدر جو بائیڈن نے اعلان کیا ہے کہ امریکہ میں 90 فیصد بالغ لوگ 19 اپریل تک کووڈ 19 ٹیکے لگوانے کے اہل ہوں گے۔ اس کے علاوہ بچے ہوئے دس فیصد لوگوں کو بھی یکم مئی تک ٹیکے لگوائے جا سکیں گے۔
امریکہ میں بائیڈن انتظامیہ کے تحت ویکسینیشن مہم غیر معمولی رفتار سے جاری ہے۔ بائیڈن انتظامیہ نے 60 دن سے بھی کم عرصے میں 100 ملین خوراک کا انتظام کیا ہے اور اب انتظامیہ نے آئندہ 40 دنوں میں 100 ملین ویکسین کی مزید خوراک فراہم کرنے کا ہدف رکھا ہے۔
بائیڈن نے وائٹ ہاؤس میں پیر کے روز نامہ نگاروں کو بتایا کہ "مجھے یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی ہورہی ہے کہ اس ملک میں کم سے کم 90 فیصد بالغ افراد اب سے صرف 3 ہفتوں میں انیس اپریل تک ٹیکے لگوا سکیں گے، کیونکہ ہمارے پاس یہ ویکسین موجود ہے۔"
"بالغوں کی بڑی تعداد کو اب یکم مئی کے بعد انتظار نہیں کرنا پڑے گا۔ آپ 19 اپریل کو اپنے شاٹ کے اہل ہوں گے۔ آخر میں 10 فیصد بچے ہوئے لوگوں کو یکم مئی سے ٹیکے لگوائے جائیں گے''
انہوں نے کہا کہ آج ہم جو اقدامات اٹھا رہے ہیں اس کی وجہ سے 90 فیصد امریکیوں کو ان کے مقامات سے پانچ میل کے فاصلے پر 19 اپریل سے ٹیکے لگوائے جا سکیں گے۔