امریکہ کی انٹلیجنس کمیونٹی (انٹیلی جنس محکموں کے گروپ) نے پارلیمنٹ میں جمع کرائی ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی سربراہی میں بھارت، پاکستان کی جانب سے براہ راست یا بالواسطہ اشتعال انگیزی کا ردعمل اب پہلے سے کہیں زیادہ مضبوط طریقے سے فوجی طاقت کے ساتھ دے سکتا ہے۔
امریکی کانگریس (پارلیمنٹ) کو پیش کی جانے والی اپنی سالانہ 'کرائسس ریویو رپورٹ' میں 'آفس آف ڈائریکٹر آف نیشنل انٹلیجنس' (او ڈی این آئی) نے کہا ہے کہ اگرچہ بھارت اور پاکستان کے مابین روایتی جنگ کا امکان نہیں ہے لیکن پھر بھی دونوں ممالک کے مابین تنازع بنا رہتا ہے اور توقع ہے کہ اس میں اضافہ ہوگا۔
اس رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی سربراہی میں بھارت اب پہلے کی نسبت زیادہ فوجی قوت کے ساتھ پاکستان کی طرف سے کسی بھی بالواسطہ یا بلاواسطہ اشتعال انگیزی کا جواب دے سکتا ہے اور تنازع بڑھنے پر جوہری طاقت سے لیس دونوں ممالک کے درمیان تصادم کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔