اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیریس نے کورونا وائرس (کووڈ۔19) کے علاج کے لیے دنیا بھر میں ویکسین مہیا کرنے کی غرض سے 15 ارب ڈالر کے فنڈز کی اپیل کی ہے۔
خبر رساں اداروں کے مطابق عالمی وبا سے متعلق ایک آن لائن کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 'کووڈ-19 کی ویکسین کی پیشگی خریداری اور ذخیرہ کرنے کے لیے وسائل کی دستیابی ناگزیر ہے'۔
انھوں نے کہا ہے کہ 'اس موقع کو ضائع ہونے سے بچایا جاسکے اور جو ممالک کورونا کے خلاف تحقیق پر کام کررہے ہیں، ان کی معاونت بھی ضروری ہے'۔
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کا کہنا ہے کہ 'کورونا وبا کو کنٹرول کرنے کے لیے غیرمعمولی کاوشیں کی جارہی ہیں اس کے باوجود اس کی تباہ کاریاں جاری ہیں اور گزشتہ ہفتے اس مہلک وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 10 لاکھ سے متجاوز ہوگئی تھی'۔