فیس بک کا امریکی انتخابات سے متعلق اشتہارات پر پابندی جاری رکھنے کا فیصلہ - فیس بک کے علاوہ گوگل نے بھی انتخابات سے متعلق اشتہارات
فیس بک کے علاوہ گوگل نے بھی انتخابات سے متعلق اشتہارات پر عارضی طور پر عائد پابندی کچھ ہفتوں تک جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم فیس بک نے کہا ہے کہ وہ کم از کم ایک ماہ تک امریکہ میں انتخابات سے متعلق اشتہارات پر عارضی پابندی جاری رکھے گا۔
کمپنی نے بدھ کے روز ایک بیان میں یہ اطلاع دی۔
بیان کے مطابق امریکہ میں صدارتی انتخابات کو کسی بھی مداخلت سے بچانے کی کوششوں کے تحت سیاسی اور سماجی امور سے متعلق اشتہارات پر عارضی پابندی جاری رکھی جائے گی۔ سوشل میڈیا کمپنی کا کہنا ہے کہ مشتہرین کو ابھی بھی کم سے کم ایک مہینہ انتظار کرنا پڑے گا، حالانکہ انہیں امید ہے کہ جلد ہی راحت مل جائے گی۔
فیس بک کے علاوہ گوگل نے بھی انتخابات سے متعلق اشتہارات پر عارضی طور پر عائد پابندی کچھ ہفتوں تک جاری رکھنے کا اعلان کیاہے۔
امریکی صدارتی انتخابات کے سرکاری نتائج کا ابھی تک اعلان نہیں کیا گیا ہے، لہذا کسی بھی قسم کے تنازع سے بچنے کے لئے ان پابندیوں کی مدت میں توسیع کا اعلان کیا گیا ہے۔
امریکہ میں انتخابی نتائج کا باضابطہ طور پر اعلان نہیں کیا گیا ہے، تاہم تمام اعلیٰ میڈیا اداروں کے مطابق ڈیموکریٹک امیدوار جو بائیڈن نے کامیابی حاصل کی ہے۔ جو بائیڈن نے امریکہ کا اگلا صدر بننے کے لئے 270 انتخابی ووٹوں کے جادوئی اعدادوشمار کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
دوسری جانب امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے بھی انتخابات میں اپنی فتح کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب اس کا فیصلہ عدالت کرے گی۔