چین نے سابق امریکی وزیر تجارت ولبر راس سمیت متعدد امریکی شہریوں پر پابندیاں عائد کردی ہیں۔ بی بی سی کی خبر کے مطابق پابندیوں کا اعلان کرتے ہوئے چین کی وزارت خارجہ نے کہا کہ امریکی شہریوں پر پابندیاں "بے بنیاد الزامات کے ذریعے ہانگ کانگ میں کاروباری ماحول کو بدنام کرنے" اور "بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی" کرنے کے لئے لگائی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جوابی کارروائی کے طورپر امریکی وزیر تجارت ولبر راس سمیت سات امریکی شہریوں اور تنظیموں پر پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔
ادھر وائٹ ہاؤس کی ترجمان جین ساکی نے کہا کہ چین کی جانب سے ان پابندیوں کے بعد بھی امریکہ اپنے فیصلے پر قائم ہے۔ انہوں نے کہا کہ "یہ پابندیاں اس بات کی زندہ مثال ہیں کہ کس طرح چین افراد، کمپنیوں اور سول سوسائٹی کے اداروں کو سیاسی پیغامات بھیجنے کی سزا دیتا ہے"۔
چین کا یہ اعلان اس سے ایک دن پہلے سامنے آیا ہے جب امریکی نائب وزیر خارجہ وینڈی شرمین چین کا دورہ کرنے والی ہیں۔ امریکہ نے چین کے فیصلے کو "فضول" اور "یاس پسندی" قرار دیا ہے۔