برازیل میں ان دنوں احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔ جہاں ایک طرف ملک بھر میں تعلیم کے فنڈز میں کمی سے متعلق طلبا، اساتذہ اور تعلیم سے وابستہ دیگر افراد سڑکوں پر ہیں، تو دوسری جانب ملک کا آدی واسی طبقہ بھی حکومت کی پالیسیز سے ناراض ہے۔
سینکڑوں کی تعداد میں آدی واسی خواتین نے اپنے بچوں کے ساتھ سڑکوں پر اتر کر وفاقی حکومت کے خلاف احتجاج کیا۔
آدی واسی خوتین کیا چاہتی ہیں؟ احتجاجی خاتون سونیا گواجاجارا کا کہنا ہے کہ تاریخی طور پر آدی واسی طبقے کی جانب سے یہ پہلی مزاحمت ہے۔ اپنی لڑائی اور بنیادی طور پر اپنی ہمت کو ظاہر کرنے کا یہ موقع ہے۔ یہ لڑائی ایک تاریخ رقم کرے گی۔
احتجاجی خواتین نے اپنے چہروں پر پینٹ کر رکھا تھا۔ وہ اپنے روایتی لباس پہن کر رقص کر رہی تھیں، اور چیخ و پکار کر رہی تھیں۔
اس دوران مظاہرین نے ملک کے صدر جَیر بولسونارو کی پالیسیز کی شدید نکتہ چینی کی۔
پیٹجیا کراہو نامی خاتون کا کہنا ہے کہ برازیل کے لوگ اپنے ملک سے محبت کرتے ہیں۔ صدر بولسونارو نے آکر ملک کر تباہ کر دیا ہے۔ انہیں ایسے صدر کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ وہ چلے جائیں جہاں سے وہ آئے ہیں۔
ملک کے درالحکومت براسلیا میں مختلف قبائل کی آدی واسی خواتین نے 4 روزہ احتجاج کے اعلان کے ساتھ قومی دارالحکومت میں خیمہ بھی نصب کر لیا ہے۔
ان کا مطالبہ ہے کہ جنگلات کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے اور دیگر مسائل کے حل کے ساتھ صحت کی خدمات پر خصوصی توجہ دی جائے۔
واضح رہے کہ حالیہ اعداد و شمار نے جنگلات کی کٹائی میں اضافے کی بھی نشاندہی کی ہے، جو آدی واسی علاقوں میں کثرت سے پایا جاتا ہے۔