ایپل نے اسرائیلی کمپنی این ایس او گروپ (NSO Group) کے خلاف منگل کو امریکی ریاست کیلی فورنیا کی ایک عدالت میں مقدمہ دائر کیا ہے۔ جس میں این ایس او گروپ پر کسی بھی ایپل سافٹ ویئر، سروسز یا آلات کے استعمال کرنے کی ہمیشہ کے لیے پابندی لگانے کی درخواست کی گئی ہے تاکہ ایپل صارفین کو مزید نقصان سے بچایا جا سکے۔
ایپل کمپنی نے اعتراف کیا کہ ایپل ڈیوائسز میں پیگاسس(Pegasus Spyware) کے ذریعے اس کے صارفین کی ایک چھوٹی تعداد کو نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔
ایپل کے سافٹ ویئر انجینئرنگ کے سینئر نائب صدر کریگ فیڈریگھی نے کہا "این ایس او گروپ (NSO Group) جیسے ریاستی سرپرستی والے ادارے موثر جوابدہی کے بغیر جدید ترین نگرانی کی ٹیکنالوجیز پر لاکھوں ڈالر خرچ کرتے ہیں۔ اسے تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔"
انہوں نے منگل کو ایک بیان میں کہا "ایپل ڈیوائسز مارکیٹ میں سب سے زیادہ محفوظ ہارڈویئر ہیں، لیکن سرکاری اسپانسر شدہ اسپائی ویئر تیار کرنے والی نجی کمپنیاں اور بھی زیادہ خطرناک ہو گئی ہیں۔"
یہ بھی پڑھیں: امریکہ نے پیگاسس اسپائی ویئر بنانے والے این ایس او گروپ کو بلیک لسٹ کیا
قابل ذکر ہے کہ امریکی حکومت نے اسرائیلی کمپنی این ایس او گروپ کو حال ہی میں بلیک لسٹ کر دیا تھا۔