نو منتخب امریکی نائب صدر کملا ہیرس نے اپنے پہلے خطاب میں کہا ہے کہ 'امریکی عوام نے امید اور شائستگی کا انتخاب کیا ہے۔ امریکیوں نے ایک نئے دن کی شروعات کی ہے'۔
کملا ہیرس پہلی خاتون، پہلی سیاہ فام امریکی اور امریکہ میں دوسرے اعلی عہدے پر کامیابی حاصل کرنے والی پہلی ایشیائی امریکی بن گئیں۔
ہفتے کی شب کملا ہیرس نے بطور نائب صدر منتخب ہونے کے بعد پہلے خطاب میں ریاستہائے متحدہ امریکہ کے عوام کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ امریکیوں نے ملک کے لئے نئے دن کا آغاز کیا ہے۔
'امریکی عوام کا شکریہ جو ہمارے خوبصورت ملک کی تشکیل کرتے ہیں، ریکارڈ تعداد میں ووٹنگ کے لیے آپ سبھی کا شکریہ!'
انہوں نے مزید کہا 'آپ نے ایک واضح پیغام دیا۔ آپ نے امید اتحاد، شائستگی اور سچائی کا انتخاب کیا ہے۔ آپ نے جو بائیڈن کو ریاستہائے متحدہ امریکہ کا اگلا صدر منتخب کیا'۔
ہیرس نے مزید کہا 'اور جب اس انتخابات میں ہماری جمہوریت بیلٹ پر تھی، امریکہ کی جان داؤ پر تھی اور پوری دنیا کی نگاہ ہم پر تھی، تو آپ نے امریکہ کے لئے ایک نئے دن کا آغاز کیا'۔
کملا ہیرس نے جیت کے بعد ولمنگٹن میں خطاب کرتے ہوئے کہنا کہ 'ریکارڈ تعداد میں ووٹ ڈال کر امریکی عوام نے پوری آزادی کے ساتھ اپنے خیالات سے آگاہ کردیا'۔
انہوں نے کہا کہ 'جمہوریت کے لیے قربانی دی جاتی ہے مگر اسی میں مزہ ہے، جمہوری عمل میں مزید لوگوں کو شامل کرنے پر ٹیم کی شکر گزار ہوں'۔