ایک اعلیٰ امریکی ایڈمرل نے کہا ہے کہ امریکہ اور بھارت کے درمیان فوجی تعلقات کافی بہترین ہوئے ہیں لیکن بھارت اور چین کے مابین عدم اعتماد کی فضا اپنے عروج پر ہے۔ ایڈمرل نے الزام لگایا کہ چین کی دھوکہ دہی کی کارروائی اور بحر ہند میں شفافیت کی کمی نے وہاں استحکام اور سلامتی کو خطرہ لاحق کردیا ہے۔
ایڈمرل جان سی ایکیولینو نے چین کے ساتھ ایک ماہ طویل تعطل میں اپنی شمالی سرحد کو محفوظ بنانے کے لئے بھارت کی کوششوں کی بھی تعریف کی۔
منگل کو پارلیمنٹ کی آرمڈ سروسز کمیٹی میں امریکی انڈو پیسیفک کمانڈ میں کمانڈر کے عہدے کے لئے اپنے نام کی تصدیق کے لئے ہونے والی سماعت کے دوران ایڈمرل ایکیولینو نے کہا کہ "بھارت اور چین کے مابین عدم اعتماد کی فضا اپنے عروج پر ہے۔" لائن آف ایکچول کنٹرول (ایل اے سی) پر تصادم کے نتیجے میں دوطرفہ تعلقات خراب ہوگئے ہیں اور بھارت 'ون بیلٹ ون روڈ' اقدام کے تحت چین کی سرگرمیوں پر انتہائی شکوک و شبہات کا شکار ہے۔
ممبران پارلیمنٹ کے تحریری سوالات کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کے گوادر اور سری لنکا کے ہمبنٹوٹا میں چین کا مؤقف بھی بھارت کے لئے تشویش کا باعث ہے اور یہی صورتحال بحر الکاہل میں بھی ہے۔