اردو

urdu

ETV Bharat / international

ایمیزون کے بانی جیف بیزوز دنیا کے سب سے امیر شخص - مکیش امبانی

دنیا کی امیر ترین شخصیات کی فہرست میں مکیش امبانی کو گیارہواں جبکہ گوتم اڈانی کو بیسواں مقام حاصل ہوا ہے۔

Jeff Bezos
Jeff Bezos

By

Published : Apr 8, 2021, 7:15 AM IST

مشہور امریکی رسالہ 'فوربس' نے دنیا کے ارب پتیوں کی فہرست جاری کرتے ہوئے دنیا کے امیر ترین شخص کا اعزاز ایک بار پھر امریکی کمپنی ایمیزون کے بانی جیف بیزوز کے سر باندھا ہے۔

میڈیا میں شائع رپورٹ کے مطابق فوربس نے 35 ویں سالانہ ارب پتی افراد کی فہرست جاری کردی ہے، جس میں 2755 ارب پتی افراد کو شامل کیا گیا ہے۔

اس سال جاری ہونے والی فہرست میں 500 سے زائد افراد کا اضافہ ہوا ہے، یعنی سال 2020 میں کورونا کے وبا کے باوجود لوگوں کی دولت میں بے تحاشہ اضافہ ہوا ور ایک بار پھر دنیا کے امیر ترین شخص کا اعزاز امریکی کمپنی ایمیزون کے بانی جیف بیزوز کے پاس چلا گیا، جن کی مجموعی دولت 177 ارب ڈالر ہے۔

رپورٹ کے مطابق جیف بیزوز کی دولت اتنی زیادہ ہے کہ ان کے پاس دنیا کی امیر ترین خاتون سے تقریباً 100 ارب ڈالر زیادہ ہیں۔ یہی نہیں بلکہ دنیا کے امیر ترین شخص کی دولت دنیا کی امیر ترین تین خواتین کی دولت کے تقریباً مساوی ہے۔

فوربس نے اپنی فہرست میں دوسرا نام امریکی شہری ایلن مسک کا شامل کیا ہے جبکہ مائیکرو سافٹ کمپنی کے مالک بل گیٹس کو چوتھا اور فیس بک کے مالک مارک زوکربرگ کو پانچواں مقام حاصل ہوا ہے۔

10 امیر لوگوں کی فہرست میں آٹھ امریکی شہریوں کا نام شامل کیا گیا ہے جبکہ دو فرانسیسی نے اس میں اپنی جگہ بنانے میں کامیابی حاصل کی ہے۔

بھارتی تاجر مکیش امبانی نے گیارہویں مقام پر اپنی جگہ مختص کی ہے، ان کے پاس مجموعی دولت 77.2 بلین ڈالر ہے۔ کورونا وبا کے دوران گزشتہ ایک سال میں مکیش امبانی کی دولت میں 742 ملین ڈالر کا اضافہ ہوا ہے۔

اس کے علاوہ بھارتی تاجر گوتم اڈانی کا نام بیسویں مقام پر شامل کیا گیا ہے، ان کی مجموعی دولت 59.5 بلین ڈالر بتائی گئی ہے۔

فوربس کی فہرست کے مطابق دنیا کی امیر ترین خاتون فرانسیسی کاروباری شخصیت و سماجی رہنما 67 سالہ فرانکوئس بیٹنکورٹ میئرس ہے، جن کی دولت 74 ارب ڈالر سے کم ہیں۔

جیف بیزوز کی دولت 177 ارب ڈالر جبکہ فرانکوئس بیٹنکورٹ میئرس کی دولت محض 73 ارب 60 کروڑ ڈالر ہے جو کہ دنیا کے امیر ترین شخص سے 100 ارب ڈالر کم ہے۔ دنیا کی امیر ترین خاتون فرانکوئس بیٹنکورٹ میئرس معروف میک اپ و بیوٹی برانڈ 'لوریال' کی مالک ہیں، جو ان کے آباواجداد نے قائم کیا تھا۔

دنیا کی دوسری امیر ترین خاتون امریکی کاروباری خاتون 71 سالہ الائس والٹن ہیں جن کے ریٹیلر کمپنی وال مارٹ میں شیئرز ہیں اور ان کی دولت 61 ارب 80 کروڑ ڈالر ہے۔ دنیا کی تیسری امیر ترین خاتون مکینزی اسکاٹ ہیں جو اس وقت دنیا کے امیر ترین شخص جیف بیزوز کی سابق اہلیہ ہیں اور انہیں ملنے والی دولت بھی سابق شوہر نے طلاق کے عوض دی تھی۔

مکینزی اسکاٹ کی دولت 53 ارب ڈالر ہے اور دنیا کی تین امیر ترین خواتین کی مجموعی دولت 175 ارب ڈالر ہوتی ہے جو کہ دنیا کے امیر ترین شخص کی دولت کے تقریباً برابر ہے۔ یعنی دنیا کی تین امیر خواتین کے پاس جتنی دولت ہے اس کے برابر دولت دنیا کے امیر ترین مرد کے پاس ہے۔

دنیا کی چوتھی امیر ترین خاتون 58 سالہ امریکی خاتون جولیا کوچ ہیں جن کے پاس 46 ارب ڈالر سے زیادہ کی ملکیت ہے مگر ان کی دولت میں دیگر اہل خانہ کے بھی حصے ہیں۔

دنیا کی پانچویں امیر ترین خاتون 75 سالہ اسرائیلی نژاد امریکی مریم ایڈلسن ہیں جن کے پاس 38 ارب ڈالر سے زائد کی دولت ہے۔

مجموعی طور پر دنیا کی 10 امیر ترین خواتین کے پاس دنیا کے تین امیر ترین مرد حضرات جتنی دولت ہے۔

ABOUT THE AUTHOR

...view details