شمالی افریقی ملک سوڈان کے دارالحکومت خرطوم میں واقع امریکی سفارتخانے نے بتایا کہ امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے سوڈان کو دہشت گردی کی معاونت کرنے والے ملک کی فہرست سے نکالنے کے ایک نوٹیفکیشن پر دستخط کر دیے ہیں۔
سوڈانی وزیر اعظم عبداللہ حمدوک نے کہا کہ شمال مشرقی افریقی ملک سوڈان کو امریکہ کی جانب سے دہشت گردی کی معاونت کرنے والے ملک کی فہرست سے باہر کرنے سے 'قرضوں سے نمٹنے اور سرمایہ کاری کے ماحول کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی'۔
سوڈانی وزیر اعظم نے کہا کہ یہ ایک تاریخی دن ہے۔ آج ہم بین الاقوامی برادری میں واپس آگئے ہیں۔ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس فیصلے سے سابقہ پروگراموں کو عملی جامہ پہنانے میں مدد ملے گی۔
سوڈان کو دیے گئے 45 دن کے ایک نوٹیفکیشن کا عرصہ ختم ہونے کے بعد امریکی وزیر خارجہ نے ایک نوٹیفکیشن پر دستخط کیا جس میں کہا گیا ہے کہ سوڈان کو دہشت گردی کی مدد کرنے والے ملک کی لسٹ سے باہر نکالنے کا فیصلہ 14 دسمبر سے مؤثر ہے۔ خرطوم میں واقع امریکی سفارت خانے نے فیس بک پر لکھی گئی ایک پوسٹ میں اس بات کی تصدیق کی ہے۔
ہم آپ کو بتا دیں کہ اس سے قبل اکتوبر میں صدر ٹرمپ نے اعلان کیا تھا کہ امریکہ میں ہوئے دہشت گردانہ حملوں کے متاثرین کو 335 ملین امریکی ڈالر کی ادائیگی کے بعد سوڈان کو دہشت گردی کے اسٹیٹ اسپانسرز کی فہرست سے نکال دیا جائے گا۔