کئی برسوں تک جاری رہنے والی خونی جھڑپوں کی کڑی میں ایک اور خوں ریز کڑی جڑ گئی جب ایتھوپیا کے آفار اور صومالی ریجن کے درمیان سرحدی جھڑپوں میں 100 سے زائد افراد ہلاک ہوگئے۔ یہ اطلاع ’ڈان‘ میں شائع ایک رپورٹ میں دی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق ایک علاقائی عہدیدار نے بتایا کہ ایتھوپیا میں گزشتہ سال جون میں قومی انتخابات سے قبل یہ پرتشدد واقعات ہوئے تھے جس میں بڑے پیمانے جانوں کا نقصان ہوا تھا۔
آفار خطے کے نائب پولیس کمشنر احمد حمید نے صومالی ریجن کی علاقائی فورسز پر حملے کا الزام عائدکرتے ہوئے بتایا کہ جھڑپیں جمعہ کو شروع ہوئیں اور منگل تک جاری رہیں جس کے نتیجے میں 100 سے زائد افراد ہلاک ہوئے اور ہلاک افراد میں زیادہ تعداد عام شہریوں کی تھیں۔
دوسری جانب صومالی ریجن کے ایک ترجمان علی بیدیل نے بتایا کہ جمعے کو 25 افراد ہلاک ہوئے تھے اور منگل کو بھی انہی فورسز کے حملے میں 'نامعلوم تعداد میں شہری' ہلاک ہوئے تھے۔
علاوہ ازیں آفرا ریجن کے احمد کیلوٹ نے بتایا کہ صومالی اسپیشل پولیس اور ملیشیا نے ہاروکا کے نام سے منسوب علاقے پر چھاپہ مارا اور 'مقامی لوگوں پر اندھا دھند فائرنگ کردی'۔
انہوں نے بتایا کہ 30 سے زائد آفار کے شہری ہلاک اور کم از کم 50 مزید افراد زخمی ہوئے تھے۔