غیر ملکی خبر رساں یجنسی کی رپورٹ کے مطابق اسکول انتظامیہ نے کہا ہے کہ حملہ آوروں نے فائرنگ شروع کی اور کڈونا میں بیتھل باپٹسٹ ہائی اسکول پر حملہ کردیا اور سکیورٹی گارڈز کو قابو میں کرلیا۔ انہوں نے کہا کہ مسلح افراد نے اسکول میں موجود 165 میں سے اکثر بچوں کو اغوا کرلیا۔
اسکول کے ایک استاد ایمانوئیل پاول نے کہا کہ حملہ آوروں نے 140 بچوں کو اغوا کرلیا جب کہ صرف 25 طلبہ بچ گئے اور ہمیں تاحال کچھ معلوم نہیں ہے کہ بچے کہاں ہیں۔
ریاست کڈونا کی پولیس کے ترجمان محمد جلیگ نے اسکول پر حملے کی تصدیق کی لیکن مغوی بچوں کی تعداد اور دیگر تفصیلات سے آگاہ نہیں کیا۔
انہوں نے کہا کہ پولیس ملزمان کے تعاقب میں ہیں اور ہم ریسکیو مشن پر ہیں اور اب تک ایک خاتون استاد سمیت 26 افراد کو بازیاب کروایا گیا ہے۔
خیال رہے کہ نائیجیریا میں مسلح گینگز اکثر دور دراز گاؤں میں حملہ آور ہوتی ہیں جہاں لوٹ مار، مویشیوں کی چوری کے ساتھ ساتھ تاوان کے لیے اسکول کے بچوں اور شہریوں کو اغوا کیا جاتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق نائیجیریا میں دسمبر 2020 سے اب تک ایک ہزار سے زائد طلبہ کو اغوا کیا گیا اور ان میں سے اکثر کو مقامی عہدیداروں سے مذاکرات کے بعد رہا کردیا گیا جب کہ کئی اب بھی ان کی حراست میں ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: افغان فورسز طالبان کے خلاف فیصلہ کن آپریشن کے لیے تیار
واضح رہے کہ نائجیریا میں مسلح افراد شہر کے مضافات میں قائم اسکولوں اور کالجوں کو نشانہ بناتے ہیں جہاں بچوں کی بڑی تعداد تو ہوتی ہے لیکن سکیورٹی کے ناقص انتظامات ہوتے ہیں، جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ملزمان کارروائی کرتے ہیں اور بچوں کو باآسانی اپنے ٹھکانوں میں پہنچاکر تاوان کا مطالبہ کرتے ہیں۔
یو این آئی