وزارت خارجہ کے ترجمان احمد حافظ نے اقوام متحدہ کی تجویز کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ فطری موت کا معاملہ ہے۔
محمد مرسی کے پوسٹ مارٹم کے مطالبے پر مصر کی ناراضگی - مصر نے سابق صدر محمد مرسي
مصری حکومت نے سابق صدر محمد مرسی کی موت کی آزادانہ تحقیقات کی اقوام متحدہ کی اپیل پر ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس مسئلے پر'سیاست' کی کوشش کی جا رہی ہے۔
واضح رہے کہ اقوام متحدہ نے ان کے پوسٹ مارٹم اور موت کی آزادانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ محمد مرسي کی پیر کے روز عدالت میں پیشی کے دوران موت ہو گئی تھی اور منگل کو انہیں دفن کر دیا گیا ہے۔
محمد مرسي ملک کے پہلے جمہوری طور پر منتخب صدر تھے لیکن 2013 میں فوج کے ذریعہ معزول کیئے جانے کے بعد سے وہ جیل میں تھے۔
ان کے خاندان کی طرف سے جیل میں ان کے علاج کے سلسلے میں سوال اٹھائے جاتے رہے ہیں۔ ان کا الزام ہے کہ محمد مرسي کی موت کے بعد انہیں اپنے آبائی شہر میں دفن کرنے کا مطالبہ بھی ٹھکرا دیا گیا ۔