افریقی ملک نائیجیریا کے صوبہ بورنو کے گوازا میں ڈائریا کے قہر سے گزشتہ کچھ دنوں کے دوران کم از کم 35 افراد کی موت ہوگئی ہے۔
گوازا کے مقامی ایڈمنسٹریٹیو ریجن کے صدر ابراہیم بُکر نے یہ اطلاع دی۔ انہوں نے کہا کہ گوازا شہر میں ڈائریا کا قہر ہفتے کے آخر میں شروع ہوا اور اب تک 35 افراد ہلاک ہوچکے ہیں جب کہ 150 دیگر اسپتال میں داخل ہیں۔
ابراہیم بُکر نے کہا کہ سرحدی علاقوں میں پانی کی فراہمی کے بیشتر ذرائع لاشوں، کیمیکلز اور فضلے سے آلودہ ہوچکے ہیں جو کہ ڈائریا کے پھیلنے کی بنیادی وجہ ہے۔
انہوں نے اس قہر کو صحت اور دیگر سہولیات کی کمی کی وجہ سے گوازا اور دیگر سرحدی شہروں کو درپیش چیلنجوں میں سے ایک قرار دیا اور کہا کہ باغی گروپ بوکو حرام ان تنصیبات پر حملے کرتارہتا ہے۔