سنگا پور نے جنوبی افریقہ سمیت 7 افریقی ممالک کے لیے سفری پابندیوں کا اعلان کر دیا ہے، سنگاپور کی جانب سے ان سفری پابندیوں کا اطلاق اتوار سے ہو گا۔ سنگا پور نے جنوبی افریقہ، بوٹسوانا، ایسواٹینی، لیسوتھو، موزمبیق، نمیبیا اور زمبابوے کے لیے سفری پابندیاں عائد کی ہیں۔
وہیں، برطانیہ نے کورونا وائرس کے نئے ویریئنٹ (New Covid Variants) کے پھیلاؤ کے باعث چھ افریقی ممالک کے لیے پروازیں عارضی طور پر معطل کر دی ہیں۔
برطانیہ نے جنوبی افریقہ، بوٹسوانا، لیسوتھو، ایسواٹینی، زمبابوے اور نمیبیا کے لیے 28 نومبر تک پروازوں پر پابندی لگا دی ہے۔
اس حوالے سے برطانیہ کے وزیر صحت ساجد جاوید نے جمعرات کو بتایا کہ یہ فیصلہ کورونا وائرس کے 30 سے زائد نئے میوٹیشن ویریئنٹس کی رپورٹس سامنے آنے کے بعد کیا گیا ہے۔
حکومتی بیان کے مطابق جمعہ سے غیر برطانوی اور آئرش شہریوں، جنہوں نے گزشتہ دس دنوں میں ان چھ افریقی ممالک کا سفر کیا ہے ، برطانیہ میں داخلہ ممنوع ہوگا ۔ جبکہ برطانیہ اور آئرش شہریوں کو 10 دن کے لیے قرنطینہ میں رہنا ہوگا۔
برطانوی وزیر صحت ساجد جاوید نے ٹویٹر پر کہا کہا، "ہم صحت عامہ کے تحفظ کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کر رہے ہیں اور ہم صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں کیونکہ موسم سرما قریب آ رہا ہے اور ویکسین کی پیش رفت ایک نازک مرحلے پر ہے۔"