مشرقی افریقی ملک یوگنڈا اور کانگو کے درمیان البرٹ جھیل میں کشتی ڈوبنے سے 30 سے زائد افراد ہلاک ہوگئے ۔ اس حادثے کے بارے میں معلومات دیتے ہوئے سول سوسائٹی گروپ نے بتایا کہ یہ کشتی کانگو سے یوگنڈا جارہی تھی، اس دوران یہ حادثہ پیش آیا۔
مشرقی کانگو میں اتوری صوبے کے وانگوگو چیف ڈم کے صدر وٹل ادوبنگا نے کہا ہے کہ زیادہ تر متاثرین کورونا وائرس سے ہونے والی پابندیوں سے بچنے کے لیے غیر قانونی طور پر کانگو سے یوگنڈا واپس جانے کی کوشش کر رہے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ کووڈ 19 کی وجہ سے دونوں ممالک کے مابین نقل و حرکت پر پابندی عائد ہے۔