صومالیہ کے دارالحکومت موغادیشو میں پولیس ہیڈکوارٹر کے باہر ایک گاڑی میں بم دھماکے سے کم از کم 7 افراد ہلاک اور 11 سے زیادہ زخمی ہوگئے ہیں۔
صومالیہ: خود کش بم دھماکے میں سات افراد ہلاک پولیس اور صحت کے عہدیداروں نے بدھ کے روز اموات کی تصدیق کی ہے۔
دھماکے کی ذمہ داری الشباب شدت پسند گروپ نے قبول کی ہے۔
پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ خودکش حملہ آور نے افگوئے روڈ کے قریب ہیڈ کوارٹر میں داخل ہونے کی کوشش کی لیکن اسے ناکام بنا دیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ ہلاک ہونے والوں میں دو فوجی اور تین راہگیر شامل ہیں۔
مدینہ اسپتال کے ایک ڈاکٹر نے ایسوسی ایٹ پریس کو بتایا کہ 13 افراد کو زخمی حالت میں یہاں لایا گیا تھا، ان میں دو کی موت یہاں پہنچتے ہی ہو گئی۔ باقی لوگوں کی حالت بھی سنگین بنی ہوئی ہے۔
الشباب اکثر موغادیشو کے ہائی پروفائل علاقے کو نشانہ بناتا ہے اور مبصرین نے متنبہ کیا تھا کہ القاعدہ سے منسلک گروپ صومالیہ کی موجودہ سیاسی کشیدگی کا دوبارہ فائدہ اٹھانے کے لئے کوئی کارروائی کو انجام دے سکتا ہے۔