افریقی ملک سوڈان میں بھی کورونا سے جنگ جاری ہے۔ اس کے ساتھ ہی یہاں کے باشندے ملک سے باہر ہلاک ہونے والے سوڈانی افراد کے تئیں دلچسپ انداز میں خراج عقیدت بھی پیش کر رہے ہیں۔
دارالحکومت خرطوم کی سڑکوں پر ایک فنکارہ اس وائرس کے خطرات کے بارے میں بیداری کی کوشش کے ساتھ ہی وائرس کے خلاف جنگ میں ہلاک ہونے والے ہیلتھ ورکرز کی قربانیوں کو بھی یادگار بنا رہی ہے۔
اسیل دیاب نامی سوڈانی فنکارہ نے بتایا کہ 'میں اُن لوگوں کی پنٹنگ بناتی تھی جو انقلاب کے دوران انتقال کر گئے تھے اور یہ وہی انداز ہے۔ یہ وہ شہید ہیں جو بیماری سے لڑتے ہوئے ہلاک ہوئے ہیں۔ اور یہ بھی ہماری 'وائٹ آرمی' کے رکن ہیں جو اپنے کام کے ذریعہ بیماری سے مقابلہ کرنے کے ساتھ ہماری مدد کر رہے ہیں۔ اور آخر میں وہ ہماری خاطر اس دنیا سے چلے گئے'۔
اسیل دیاب ایک ایسی فنکارہ ہیں، جو اب تک احتجاج میں ہلاک ہونے والے افراد کی تصویروں پر کام کر رہی تھیں۔ لیکن وبائی بیماری کے درمیان انہوں نے اپنی توجہ اس پر مرکوز کردی۔
شہر کی دیواروں پر بیماری سے ہلاک ہونے والے ڈاکٹرز کی تصویریں بنانے کے ساتھ گھروں میں رہنے کی باتیں بھی لکھی گئی ہیں۔ اسیل دیاب اپنے فن کو دیکھنے والے لوگوں میں بھی کچھ امید پیدا کرنا چاہتی ہے۔