اقوام متحدہ کے ادارے بین الاقوامی تنظیم برائے مہاجرین (آئی او ایم) نے کہا کہ 75 پناہ گزیں اس ہفتے کے شروع میں شمالی لیبیا (Libya Crisis) کے ساحل کے قریب بحیرہ روم میں اس وقت ڈوب گئے جب وہ کشتی کے ذریعے اٹلی پہنچنے کی کوشش کر رہے تھے۔ بین الاقوامی تنظیم برائے مہاجرین نے ہفتہ کو ٹویٹ کرکے یہ اطلاع دی۔
اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے مہاجرین نے بتایا کہ لیبیا کے ساحل سے 302 غیر قانونی پناہ گزیں کو بچا لیا گیا ہے اور تمام مہاجرین اب لیبیا واپس جا چکے ہیں۔
اقوام متحدہ کے ادارے نے کہا کہ بچائے گئے پناہ گزینوں میں 50 خواتین اور 22 بچے شامل ہیں۔ بین الاقوامی ریڈ کراس کی طرف سے بچائے گئے تمام افراد کو طبی امداد اور امدادی سامان فراہم کیا گیا۔
دریں اثنا اٹلی کے کوسٹ گارڈ نے ہفتے کے روز 420 سے زائد پناہ گزینوں کو بحیرہ روم میں خراب موسم کے درمیان بچایا، جن میں درجنوں نابالغ بھی شامل تھے۔
کوسٹ گارڈ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ 70 پناہ گزینوں کو اس کی ایک موٹر کشتی کے ذریعے سسلی کے جنوب میں واقع جزیرے لیمپیڈوسا میں بحفاظت لایا گیا۔
دریں اثنا، کوسٹ گارڈ کا ایک اور جہاز 350 سے زائد پناہ گزینوں کو لے کر ہفتے کی شام سسلی کی پوردو ایمپیڈوسلی بندرگاہ کی طرف روانہ ہوا۔ ان مہاجرین میں 40 سے زائد نابالغ بچے بھی شامل ہیں۔ اسے سسلی کے ساحل سے 115 کلومیٹر دور ایک ماہی گیری کی کشتی سے بچایا گیا۔