رائے پور پولیس کے سپرنٹنڈنٹ اجے یادو نے بتایا کہ رام کرشنا یادو عرف بابا رام دیو کے خلاف انڈین میڈیکل اسوسی ایشن کی چھتیس گڑھ یونٹ کی جانب سے شکایت موصول ہونے کے بعد ایک مقدمہ درج کیا گیا۔ رام دیو کے خلاف دفعہ 188 (سرکاری ملازمین کی جانب سے نافذ احکامات کی نافرمانی)، 269 (وبا کے دوران لاپرواہی)، 504 (جان بوجھ کر توہین کرنا) کے علاوہ دیگر آئی پی سی اور ڈیزاسٹر منیجمنٹ ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ اس سلسلہ میں تحقیقات کی جارہی ہے جبکہ ہاسپٹل بورڈ آئی ایم اے کے چیرمین ڈاکٹر راکیش گپتا، آئی ایم اے رائے پور صدر اور وکاس اگروال کے علاوہ دیگر ڈاکٹروں نے شکایت درج کرائی ہے۔ شکایت میں بتایا گیا ہے کہ گذشتہ ایک سال سے بابا رام دیو مبینہ طور پر طبی برادری، بھارتی حکومت، انڈین کونسل آف میڈیکل ریسرچ اور دیگر فرنٹ لائن تنظیموں کے خلاف گمراہ کن پروپگنڈہ اور دھمکی آمیز بیانات کی تشہیر کر رہے ہیں۔