حیدرآباد: انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے بدھ کو منی لانڈرنگ کیس کے سلسلے میں ساؤتھ اداکار وجے دیوراکونڈا سے پوچھ گچھ کی۔ ای ڈی نے ان کی آخری ریلیز فلم لائیگر کی فنڈنگ کے حوالے سے سوالات کیے۔ فلمساز پوری جگناتھ اور پروڈیوسر چارمی کور سے فلم کی فنڈنگ کے بارے میں پوچھ گچھ کیے جانے کے دو ہفتے بعد ای ڈی نے یہ کارروائی کی۔ رپورٹ کے مطابق فلم کی فنڈنگ کے لیے استعمال ہونے والی رقم غیر ملکی ذرائع سے آئی ہے جو واضح طور پر 1999 کے فارن ایکسچینج مینجمنٹ ایکٹ (فیما) کی خلاف ورزی ہے۔ ای ڈی نے وجے سے فلم میں پیسہ لگانے والے فنانسر کی شناخت کے بارے میں جاننے کے لیے طلب کیا۔ Vijay Deverakonda reacts to ED questioning
ای ڈی کی طرف سے پوچھ گچھ کے بعد اداکار نے میڈیا سے کہا کہ انہوں نے ای ڈی کی طرف سے پوچھے گئے تمام سوالات کے جوابات دے دیے ہیں۔ اس پوچھ گچھ کی وجہ اداکار نے مداحوں کی محبت کا سائیڈ ایفیکٹ بتایا ہے۔ اداکار کا کہنا تھا کہ 'زیادہ مقبولیت کے ساتھ چیلنجز بھی آتے ہیں اور آپ اس کے بارے میں کچھ نہیں کر سکتے۔ آپ سب جو پیار دیتے ہیں اس کے ساتھ کچھ پریشانیاں اور تکلیفیں بھی آتی ہیں، لیکن میں اسے ایک تجربے کے طور پر دیکھتا ہوں۔ جب مجھے بلایا گیا تو میں نے اپنا فرض ادا کیا۔ میں نے تمام سوالوں کے مناسب جواب دیے۔' جب اداکار سے پوچھا گیا کہ کیا انہیں دوبارہ پوچھ گچھ کے لیے بلایا جائے گا تو انہوں نے نہیں میں جواب دیا۔