حیدرآباد: ٹالی ووڈ کے تجربہ کار کیکلا ستیہ نارائن کا جمعہ کی صبح فلم نگر میں واقع اپنی رہائیش گاہ میں انتقال ہوگیا۔ وہ 87 برس کے تھے اور گزشتہ کئی دنوں سے بیماری میں مبتلا تھے۔ Kaikala Satyanarayana passes away
25 جولائی 1935 کو آندھرا پردیش کے کرشنا ضلع میں پیدا ہوئے ستیہ نارائن نے سال 1959 میں تیلگو فلم سیپائی کوتھورو سے اپنی اداکاری کی شروعات کی۔ 6 دہائی پر مشتمل اپنے فلمی کیرئری کے دوران ستیہ نارائن نے تقریبا 800 فلموں میں کام کیا۔ اگرچہ انہیں زیادہ تر فلموں میں ویلن کا کردار ادا کرتے ہوئے دیکھا گیا لیکن خاص طور پر انہیں بھگوان یم کا کردار ادا کرنے پر کافی سراہا گیا۔
نئے زمانے کے کئی ٹالی ووڈ اسٹاروں جیسے این ٹی راما راؤ، ناگیشور راؤ، کرشنا سے لے کر چرنجیوی تک، ناگارجن، وینکٹیش، بالاکرشنا، اور پربھاس، اللو ارجن کو ستینہ نارائن کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا۔ انہیں آخری بار سال 2019 میں مہیش بابو کی فلم ' مہارشی' میں دیکھا گیا تھا۔
ٹالی ووڈ سے تعلق رکھنے والے کئی فلمی ستاروں نے ستیہ نارائن کی موت پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ مشہور اداکار چرنجیوی نے ٹویٹر پر ستینہ نارائن کے ساتھ اپنی پرانی تصویریں شیئر کیں اور لکھا کہ ' آپ کے روح کو سکون ملے نورس نتن سروبھوم سری کیکلا ستینہ نارائن گارو'۔ انہوں نے کیکلا کے انتقال پر تعزیت کرتے ہوئے تیلگو میں ایک طویل نوٹ بھی شیئر کیا ہے۔
وہیں اداکار مہیش بابو نے بھی ٹویٹر پر اپنی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ 'کیکلا ستیہ نارائن گارو کے انتقال کی خبر سن کر انتہائی غمگین ہون۔ میری ان کے ساتھ کام کرنے کی بہت ساری پیاری یادیں ہیں، وہ یاد آئیں گے۔ ان کے اہل خانہ اور چاہنے والوں کے ساتھ میری گہری تعزیت۔ ان کی روح کو سکون ملے'۔
آر آر آر اسٹار رام چرن اور روی تیجا نے کیکلا ستیہ نارائن کی موت پر غم کا اظہار کیا۔
ادکاری کے علاوہ ستینہ نارائن سیاست میں بھی سرگرم رہے۔انہوں نے 1996 میں مچلی پٹنم سے لوک سبھا الیکشن جیتا تھا۔ خاندانی ذرائع نے بتایا کہ ستیہ نارائن کی آخری رسومات ہفتہ کو ادا کی جائیں گی۔