حیدرآباد: ایس ایس راجامولی ان کی اہلیہ رما راجامولی، میوزک کمپوز ایم ایم کیروانی اور ان کے خاندان کے افراد آسکر تقریب میں شرکت کرنے کے بعد حیدرآباد واپس آگئے ہیں۔ فلم آر آر آر کے مقبول گانے ناٹو ناٹو کو 95 ویں اکیڈمی ایوارڈز میں بہترین آریجنل گانے کے آسکر ایوارڈ ملنے کے بعد آر آر آر کی ٹیم جمعہ کو علی الصبح شمش آباد کے ہوائی اڈے پر سخت سیکورٹی کے درمیان پہنچی، جہاں مداحوں اور خیر خواہوں نے ان کا پرجوش طریقے سے استقبال کیا۔ دوسری طرف متعدد صحافیوں نے آر آر آر کی ٹیم سے بات کرنے کی کوشش کی، جس پر راجامولی نے جئے ہند کے ساتھ جواب دیا۔
ائیرپورٹ پر اپنے کیمرے اور مائیکروفون کے ساتھ پاپرازی بھی موجود رہی تاکہ وہ آر آر آر کی ٹیم سے آسکر جیت پر ردعمل حاصل کرسکے۔ جمعہ کو اداکار رام چرن بھی بھارت واپس آگئے ہیں، حالانکہ وہ حیدرآباد نہیں پہنچے۔ آر آر آر کے اداکار رام چرن جمعہ کی صبح دہلی کے اندرا گاندھی بین الاقوامی ہوائی اڈے پر اترے۔ وہ جمعہ کی رات تک قومی دارالحکومت دہلی میں ہی رہیں گے۔
لوگوں کی ایک بڑی تعداد رام چرن کو دیکھنے ہوائی اڈے پہنچی تھی جہاں اداکار نے ہاتھ جوڑ کر اپنے مداحوں سے ملاقات کی۔ اپنے دہلی کے دورے کے دوران اداکار وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کرنے والے ہیں اور اس کے بعد وہ اپنے آبائی شہر حیدرآباد واپس جانے سے پہلے ایک نیوز میگزین کے ساتھ بات چیت کریں گے ۔ توقع ہے کہ وہ آج رات حیدرآباد کا دورہ کریں گے۔
اس سے قبل لاس اینجلس میں 95 ویں اکیڈمی ایوارڈز میں آر آر آر کی تاریخی جیت کے بعد جنوبی سپر اسٹار جونیئر این ٹی آر ہندوستان واپس آئے۔ اداکار منگل کی رات حیدرآباد پہنچے۔ ہوائی اڈے کے باہر مداحوں کا ایک سمندر اپنے پسندیدہ اداکار سے ملاقات کرنے کا انتظار کر رہا تھا۔ واضح رہے کہ آسکر ایوارڈ یافتہ فلم ساز گنیت مونگا، جن کی فلم دی ایلیفینٹ وسپررز کو دستاویزی مختصر فلم کے ایوارڈ سے نوازا گیا، جمعہ کو علی الصبح ممبئی ہوائی اڈے پہنچی، جہاں ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔
مزید پڑھیں:Jr NTR on Winning Oscar: ناٹو ناٹو کو آسکر ملتے دیکھنا میری زندگی کا بہترین لمحہ تھا، جونیئر این ٹی آر