بالی ووڈ اداکارہ سوارا بھاسکر نے سماج وادی پارٹی کے رہنما فہد احمد سے منگنی کرلی ہے۔ اداکارہ نے گزشتہ روز اپنے مداحوں کو اس وقت حیران کر دیا جب انہوں نے سماج وادی پارٹی کے یوتھ ونگ سماج وادی یوجن سبھا کے ریاستی صدر فہد احمد کے ساتھ اپنی شادی کے منصوبوں کا اعلان کیا۔ انہوں نے انسٹاگرام پر فہد کے ساتھ اپنی ایک مونٹیج ویڈیو شیئر کی تھی، جس میں اس جوڑے کے ایک ساتھ کچھ دلکش اور یادگار لمحات قید ہیں۔ سوارا کی جانب سے سوشل میڈیا پر یہ ویڈیو شیئر کیے جانے کے بعد سے مداح یہ جاننے کے لیے متجسس تھے کہ کیا سوارا نے شادی کی ہے یا منگنی۔ دراصل سورا کی جانب سے شیئر کیے گئے اس ویڈیو میں ' شادی کے سرٹیفیکٹ' کا بھی ایک کلپ نظر آرہا ہے۔ Swara Bhaskar Engagement
اب سوارا نے یہ تمام غلط فہمیاں دور کرتے ہوئے ایک ٹویٹ کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ' انہوں نے اور فہد نے اسپیشل میرج ایکٹ کے تحت شادی کرلی ہے'۔ حالانکہ گزشتہ روز یعنی 16 فروری کو اداکارہ نے اپنے قریبی دوستوں اور اہل خانہ کی موجودگی میں منگنی کی ہے اور یہ جوڑا شہنائی والی شادی مارچ میں کرے گا، جو بے حد دھوم دھام سے ہونے والی ہے۔
سوارا نے آج صبح ٹویٹ کرتے ہوئے بتایا کہ ' اپنے اہل خانہ اور وہ دوست جو بالکل فیملی کی طرح ہیں، ان کا ساتھ اور محبت پاکر بہت خوشی محسوس کر رہی ہوں۔ میں نے اپنی ماں کی ساڑھی اور ان کے ہی زیوارت پہنے اور فہید ضرار احمد کو بھی رنگ پہنایا اور ہم نے اسپیشل میرج ایکٹ کے تحت شادی کی ہے، اب شہنائی والی شادی کی تیاری کرنی ہے'۔
اس سے قبل اداکارہ نے ایک اور ٹویٹ کرتے ہوئے بتایا تھا کہ وہ مارچ میں اپنی شادی کی تقریبات کے لیے کتنی کفایت شعار بننے والی ہوں'۔ ایک نیوز پورٹل کے لیے مشہور شخصیات کی شادیوں پر اپنا کالم شیئر کرتے ہوئے سوارا نے جمعرات کو ٹویٹر پر لکھا کہ ' ایک ہونے والی دلہن/نئی دلہن کا اعتراف ہے کہ ہمیں ابھی شادی کی تقریبات کی پوری منصوبہ بندی کرنی ہے۔۔۔ لیکن میں یہ فیصلہ نہیں کرسکتی کہ مجھے کتنا کفایت شعار ہونا ہے'۔
واضح رہے کہ اداکارہ نے انسٹاگرام پر سیاسی کارکن فہد ضرار کے ساتھ اپنے رشتہ کا اعلان کرتے ہوئے ایک خوبصورت ویڈیو شیئر کیا تھا۔ اس ویڈیو میں جوڑے کے کچھ خوبصورت لمحات دیکھنے کو مل رہے ہیں۔ ساتھ ہی اس ویڈیو کو دیکھ کر ان کے رشتے کی جھلک دیکھنے کو ملی کہ کیسے ان کی محبت شہریت ترمیمی قانون احتجاج کے دوران پروان چڑھا۔ ان کی پہلی سیلفی اور واٹس ایپ چیٹس کی بھی جھلک دیکھنے کو ملتی ہے۔ ویڈیو کے آخر میں سوارا کو رجسٹرار کے دفتر میں جذباتی ہوتے دیکھا جاسکتا ہے جہاں جوڑے نے کورٹ میرج کی تھی۔ویڈیو میں بتایا گیا ہے کہ جوڑے نے اسپیشل میرج ایکٹ 1954 کے تحت 6 جنوری 2023 کو کورٹ میرج کے لیے اندراج کیا تھا۔