نئی دہلی: 200 کروڑ روپے کی منی لانڈرنگ کے ملزم سکیش چندر شیکھر نئی دہلی کی تہاڑ جیل میں بند ہے۔ اب اس معاملے میں بالی ووڈ کی دو حسیناؤں کو جیکلین فرنانڈیز اور نورا فتحی کو گواہ بنایا گیا ہے۔ حال ہی میں دہلی کی پٹیالہ ہاؤس کورٹ میں اس معاملے کی سماعت ہوئی۔ جہاں دونوں اداکاراؤں نے اپنے بیانات درج کرائے ۔ اپنے بیان میں نورا نے سکیش کے بارے میں چونکا دینے والے انکشافات کیے ہیں۔
نورا نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ سکیش نے انہیں بہت زیادہ لالچ دینے کی کوشش کی۔ 13 جنوری کو عدالت میں دیے گئے اپنے بیان میں نورا نے بتایا کہ سکیش کی بیوی لینا ماریا نے انہیں ایک تقریب میں شرکت کے لیے مدعو کیا تھا، جو چنئی میں تھا۔ سکیش کی بیوی نے نورا کو بطور مہمان خصوصی اس تقریب میں شرکت کے لیے مدعو کیا تھا۔ نورا کے مطابق لینا نے نورا سے اس تقریب میں ڈانس شو کو جج کرنے اور معذور بچوں کو انعامات دینے کو بھی کہا تھا۔ اس تقریب کے بعد سکیش نے نورا کو فون کیا اور شکریہ کے طور پر ایک مہنگی کار پیش کی۔