نئی دہلی:آسکر ایوارڈ یافتہ موسیقار اے آر رحمان کو ایک اور بڑے اعزاز سے نوازا گیا ہے۔ حال ہی میں کینیڈا کے مارخم شہر میں ایک سڑک کو موسیقار کا نام دیا گیا ہے۔ اے آر رحمان نے اس خبر کو سوشل میڈیا کے ذریعہ اپنے مداحوں کے ساتھ شیئر کیا اور ایک اظہار تشکر کا پوسٹ بھی شیئر کیا ہے۔Street named after AR Rahman in Canada
رحمان نے اپنے ٹویٹر ہینڈل پر ایک بیان پوسٹ کیا، جس کے ساتھ انہوں نے لکھا کہ سٹی آف مارخم اور فرینک اسکار پٹی اور کینیڈا کے لوگوں کی جانب سے یہ پہچان دیے جانے پر شکر گزار ہوں'۔
رحمٰان کی طرف سے شیئر کیے گئے بیان میں لکھا گیا ہے کہ 'میں نے اپنی زندگی میں اس چیز کا کبھی تصور نہیں کیا تھا۔ میں آپ سب کا مارخم کے میئر، کینینڈا (فرینک اسکارپٹی)، اور کونسلرز، انڈین قونصلیٹ جنرل (اپوروا سریواستو) اور کینیڈا کے لوگوں کا بہت مشکور ہوں'۔
کنیڈا میں اپنے نام سے منسوب سڑک پر اے آر رحمان نے کہا کہ 'اے آر رحمان نام میرا نہیں ہے، اس کا مطلب ہے رحم کرنے والا۔ یہ تو ہمارے خدا کی خوبی ہے جو بہت مہربان ہے۔ یہ نام کینیڈا میں رہنے والے لوگوں کے لیے امن، خوشحالی، خوشی اور صحت لے کر آئے۔ خدا آپ سب کو خوش رکھے۔اتنی محبت دینے کے لیے میں اپنے بھارت کے بھائیوں اور بہنوں کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔ تمام تخلیقی لوگوں نے جنہوں نے میرے ساتھ کام کیا، مجھے آگے بڑھنے کی ترغیب دی اور سینما کے اس سو سال کے سفر میں شامل تمام لیجینڈ کا شکریہ۔ میں سمندر کا ایک چھوٹا سا قطرہ ہوں'۔