حیدرآباد: بالی ووڈ کی 'لیڈی دبنگ' سوناکشی سنہا اور ظہیر اقبال نے بالآخر عوامی پلیٹ فارم پر اپنی محبت کا اظہار کردیا ہے۔ ایک طویل وقت سے سوناکشی کا نام فلم 'نوٹ بُک' کے اداکار ظہیر اقبال کے ساتھ جوڑا جارہا ہے۔ دونوں کو کئی مواقع پر ایک ساتھ دیکھا بھی گیا ہے لیکن اس جوڑے نے کبھی بھی اپنے رشتے کے تعلق سے کھل کر بات نہیں کی لیکن ایسا لگتا ہے کہ دونوں نے انسٹاگرام پر اپنے رشتے کی تصدیق کردی ہے اور اب جلد شادی بھی کرلیں گے کیونکہ سوشل میڈیا پر دونوں نے ایک دوسرے کو ' آئی لو یو' کہا ہے۔ Sonakshi Sinha and Zaheer Iqbal Relationship
ظہیر اقبال نے سوشل میڈیا میں ویڈیو پوسٹ کرتے ہوئے سوناکشی کو ' آئی لو یو' کہا ہے۔ وہیں اداکارہ نے بھی اس پوسٹ پر اپنا ردعمل ظاہر کیا ہے۔
ظہیر اقبال نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک پوسٹ شیئر کی ہے، جس میں سوناکشی سنہا نظر آرہی ہیں۔ ظہیر اقبال نے سوناکشی کے ساتھ گزارے خوبصورت لمحات کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ 'ہیپی برتھ ڈے... مجھے نہ مارنے کے لیے شکریہ، آئی لو یو (میں تم سے پیار کرتا ہوں)، آنے والے وقت میں ہم ایسے ہی کھائیں گے، پیار کریں گے اور ہنستے مسکراتے رہیں گے'۔ حالانکہ ظہیر نے سالگرہ کی مبارکباد دینے میں تاخیر کردی کیونکہ سوناکشی کی سالگرہ 2 جون کو ہوتی ہے۔ لیکن اس پوسٹ کے ذریعہ ظہیر نے واضح الفاظ میں سوناکشی کے تئیں اپنی محبت کا اظہار کرتے ہوئے اپنے رشتے کی تصدیق کردی۔