ممبئی: رنبیر کپور اور شردھا کپور کی رومانٹک کامیڈی فلم 'تو جھوٹی میں مکار' کا تیسرا گانا 'شو می دی ٹھمکا' منگل (21 فروری) کو ریلیز کردیا گیا ہے۔ اس گانے میں شردھا اور رنبیر دونوں زبردست ڈانس کرتے نظر آرہے ہیں۔ اس سے قبل فلم کے دو گانے 'تیرے پیار میں' اور 'پیار ہوتا کئی بار ہے' کو مداحوں کی جانب سے خوب پسند کیا گیا ہے۔Show Me The Thumka Song Out Now
'شو می دی ٹھمکا' گانا تجربہ کار گلوکار سنیدھی چوہان اور ساشوت سنگھ نے گایا ہے۔ گانے کے بول نغمہ نگار امیتابھ بھٹہ چاریہ نے لکھے ہیں۔ مشہور میوزک کمپوزر پریتم نے اس گانے کو اپنی موسیقی سے سجایا ہے۔ گانے کے ویڈیو کی بات کریں تو اس گانے کا سیٹ بے حد خوبصورت نظر آرہا ہے۔ گانے میں رنبیر نیلے رنگ کے کرتے میں ڈانس کرتے نظر آرہے ہیں، وہیں شردھا کپور پیلے رنگ کی ساڑھی میں بے حد حسین نظر آرہی ہیں۔ اس گانے کا ویڈیو رنبیر کپور کی فلم یہ جوانی ہے دیوانی کا مقبول گانا' دلی والی گرل فرینڈ' کی یاد دلاتا ہے۔ جس میں رنبیر کپور اور دیپیکا پڈوکون کچھ اسی انداز میں ڈانس کرتے نظر آتے ہیں۔