ممبئی: واسئی کی عدالت نے ہفتہ کے روز ٹیلی ویژن اداکار شیزان خان کو ضمانت دے دی جو کہ تونیشا شرما کے 'خودکشی' کیس میں ملزم تھے۔ عدالت نے انہیں ایک لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے پر ضمانت دی ہے اور پاسپورٹ جمع کرانے کو کہا ہے۔ 20 سالہ تونیشا شرما گزشتہ سال دسمبر میں اپنے ٹی وی شو کے سیٹ پر اپنے واش روم میں مردہ پائی گئی تھیں۔ رپورٹ کے مطابق ٹیلی ویژن اداکارہ واش روم گئی تھی اور کافی دیر تک وہاں سے واپس نہیں آئی۔ جس کے بعد وہ واش روم میں مردہ پائی گئی۔ پوسٹ مارٹم رپورٹس نے ان کی وجہ پھانسی بتائی ہے۔
اس افسوسناک واقعے کے فوراً بعد تونیشا کی والدہ نے اداکار شیزان خان کے خلاف شکایت درج کرائی جو ان سے کچھ وقت تک رشتہ میں تھے۔ خان پر والیو پولیس اسٹیشن میں تعزیرات ہند کی دفعہ 306 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ انہیں خودکشی کے لیے اکسانے کے الزام میں جلد ہی گرفتار کر لیا گیا اور انہیں وسائی کی عدالت میں پیش کیا گیا۔ تونیشا کی والدہ ونیتا شرما نے الزام لگایا کہ شیزان خان نے تونیشا کو اسلام قبول کرنے اور حجاب پہننے پر مجبور کیا۔ انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ ان کی بیٹی نے بتایا تھا کہ شیزان سیٹ پر منشیات استعمال کرتا تھا۔ شیزان نے اسے تھپڑ بھی مارا تھا ۔تاہم بعد میں شیزان کے اہل خانہ نے ان الزامات کی تردید کی تھی۔