لندن: گولڈن گلوب اور کریٹکس چوائس ایوارڈ جیتنے کے بعد ایس ایس راجامولی کی فلم 'آر آر آر' جمعرات کو برٹش اکیڈمی آف فلم اینڈ ٹیلی ویژن ایوارڈز (بافٹا) 2022 میں نامزدگی درج کرانے میں ناکام ہوگئی ہے۔ لیکن بھارت کے لیے امید کی کرن اب بھی ہے کیونکہ جہاں ایک طرف آر آر آر بافٹا کے دوڑ سے باہر ہوگئی ہے وہیں نئی دہلی پر مبنی ہندی زبان کی ایک دستاویزی فلم نے بافٹا فلم ایوارڈز 2023 کے لیے نامزدگی حاصل کی ہے، جس کا اعلان جمعرات کے روز کیا گیا ہے۔ دہلی کے فلم ساز شونک سین کی ہدایت کاری میں بننے والی آل دیٹ بریتھز کو بہترین دستاویزی فلم کے زمرے میں نامزد کیا گیا ہے۔ اسے پہلے ہی سن ڈانس فلم فیسٹیول میں گرینڈ جیوری پرائز اور کانز فلم فیسٹیول میں بہترین دستاویزی فلم جیتے کا اعزاز حاصل ہے۔
بافٹا کے ہندوستانی نژاد کے صدر کرشنیندو مجُمدار نے کہا کہ ' بافٹا فلم ایوارڈز غیر معمولی کہانیاں سنانے اور ان کہانیوں کو بڑے پردے پر لانے والے صلاحیتمند لوگوں کو پہچاننا ہی ہمارا مشن ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ' اس آخری مرحلے تک پہنچنا بہت بڑی کامیابی ہے۔ آج کے نامزد امیدواروں کو مبارک ہو'۔ واضح رہے کہ 6 جنوری کو بافٹا نے ایوارڈز کے تمام زمروں میں نامزدگی حاصل کرنے والی فلموں کی فہرست جاری کی تھی، جس میں فلم آر آر آر بھی شامل ہے۔ اس فلم کو غیر انگریز زبان کی فلم کے زمرے میں جگہ ملی تھی۔ لیکن اس زمرے کے لیے نامزد کی گئی آخری پانچ فلموں میں آر آر آر کو شامل نہیں کیا گیا۔