ممبئی:مشہور بالی ووڈ اداکارہ شرمیلا ٹیگور آج 79 برس کی ہو گئیں۔ 8 دسمبر 1944 کو پیدا ہوئیں شرمیلا ٹیگور نے اپنے سنیما کیریئر کا آغاز 1959 میں ریلیز ہونے والی ستیہ جیت رے کی بنگالی فلم 'اپور سنسار' سے کیا، جس میں انہوں نے ایک کم سن دلہن کا کردار ادا کیا۔ انہیں بالی ووڈ میں کام کرنے کا پہلا موقع 1964 میں شکتی سامنت کی فلم 'کشمیر کی کلی' میں ملا۔ اس فلم میں شمی کپور کے ساتھ ان کی جوڑی کو لوگوں نے خوب پسند کیا۔ انہیں بالی ووڈ میں اصل پہچان 1966 میں ریلیز ہونے والی فلم 'انوپما' سے ملی، جس میں ان کے ساتھ 'دھرمیندر' مرکزی کردار میں نظر آئے تھے۔
شرمیلا ٹیگور کی جوڑی راجیش کھنہ کے ساتھ بہت مشہور ہوئی اور دونوں نے باکس آفس پر کئی ہٹ فلمیں دیں۔ دونوں پہلی بار 1969 میں ریلیز ہونے والی فلم ’ارادھنا‘ میں ایک ساتھ نظر آئے تھے۔ یہ فلم باکس آفس پر سپر ہٹ رہی۔ اس کے بعد دونوں 'سفر'، 'امر پریم'، 'داغ: اے پوئم آف لو' جیسی کئی ہٹ فلموں میں ایک ساتھ نظر آئے۔ فلم ’ارادھنا‘ کے لیے شرمیلا ٹیگور کو ’بہترین اداکارہ‘ کے طور پر ’فلم فیئر ایوارڈ‘ سے نوازا گیاتھا۔
اس کے بعد سال 1975 میں فلم ’موسم‘ کے لیے انہیں ’بیسٹ ایکٹریس‘ کے طور پر نیشنل فلم ایوارڈ سے نوازا گیا۔ سال 2002 میں، انہیں بنگالی فلم 'ابر آرانے' کے لیے بہترین معاون اداکارہ کے طور پر نیشنل فلم ایوارڈ سے نوازا گیا۔ سال 1998 میں شرمیلا ٹیگور کو 'فلم فیئر لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ' سے نوازا گیا اور سال 2013 میں ملک کے تیسرے سب سے بڑے شہری اعزاز 'پدم بھوشن ایوارڈ' سے نوازا گیا تھا۔