حیدرآباد: رنبیر کپور چار سال بعد فلم شمشیرا سے بڑے پردے پر واپس لوٹے ہیں۔ فلم کو شائقین کی جانب سے جہاں ملے جلے ردعمل رہے ہیں وہیں شمشیرا کی پہلے دن کی کمائی سے معلوم ہوتا ہے کہ اداکار کی فلم کتنے پانی میں ہے۔ شمشیرا کی پہلے دن کی کمائی منظر عام پر آگئی ہے۔ Shamshera Box Office Collection
تجارتی تجزیہ کار ترن آدرش نے 'شمشیرا' کی پہلے دن کی کمائی کے اعداد و شمار جمع کر کے اسے سوشل میڈیا پر شیئر کیا ہے۔ ترن کے مطابق، فلم نے ابتدائی دن 10.25 کروڑ روپے کی مایوس کن کمائی کی ہے۔ اندازہ تھا کہ فلم ریلیز کے پہلے دن 12 سے 15 کروڑ روپے کمائے گی لیکن فلم 11 کروڑ روپے کی بھی کمائی نہیں کرپائی ہے۔
رپورٹ کے مطابق فلم نے ممبئی، دہلی اور اترپردیش میں اچھا کاروبار کیا ہے۔ خاص طور پر دہلی-این سی آر میں فلم کی کمائی سب سے زیادہ بتائی جا رہی ہے۔ دہلی-این سی آر میں شام کے شوز میں 70-80 فیصد تک سیٹیں بھری ہوئی دیکھی گئیں۔
ترن کے مطابق فلم کی گھریلو باکس آفس پر کمائی توقع سے کم ہے۔ ساتھ ہی یہ فلم کئی سینما گھروں میں سنگل اسکرین پر چلنے کے بعد بھی کمائی نہیں کر سکی۔ آدرش نے دوسرے اور تیسرے دن فلم سے کمائی کی امید ظاہر کی ہے۔