شاہ رخ خان کی ایکشن فلم پٹھان کے تھیٹر میں ریلیز ہونے سے نو دن پہلے دہلی ہائی کورٹ نے پیر کے روز پروڈکشن کمپنی یش راج فلمز کو ہدایت دی ہے کہ وہ فلم کے او ٹی ٹی پلیٹ فارم پر ریلیز ہونے سے قبل اس میں کچھ تبدیلیاں کریں۔ اس فلم میں دیپیکا پڈوکون اور جان ابراہم بھی اہم کردار میں ہیں۔ ایک نئی رپورٹ کے مطابق عدالت نے پروڈکشن کمپنی سے کہا ہے کہ وہ 'ہندی میں فلم کے سب ٹائٹلز، کلوز کیپشننگ اور آڈیو ڈسکرپشن' بھی مہیا کرائی جائے تاکہ سننے اور دیکھنے کی صلاحیت سے محروم افراد بھی او ٹی ٹی پر فلم دیکھ کر لطف اندوز ہوسکیں۔ عدالت نے یش راج فلمز سے کہا ہے کہ وہ فلم میں تبدیلیاں کرنے کے بعد اسے سنٹرل بورڈ آف فلم سرٹیفیکیشن (سی بی ایف سی ) کے پاس دوبارہ سرٹیفیکیشن کے لیے جمع کرائیں۔
فلم کو پہلے ہی سنٹرل بورڈ آف فلم سرٹیفیکیشن سے منظوری مل چکی ہے، لیکن 25 اپریل کو پرائم ویڈیو پر فلم پٹھان کے ریلیز ہونے سے قبل اسے دوبارہ سی بی ایف سی کے پاس جمع کرانا ہوگا۔ بار اینڈ بنچ کے مطابق دہلی ہائی کورٹ نے پٹھان کے پروڈیوسروں سے کہا کہ وہ سننے اور دیکھنے کی صلاحیتوں سے محروم لوگوں کے فائدے کے لیے ہندی سب ٹائٹلز، بند کیپشن اور آڈیو ڈسکرپشن فراہم کریں۔ رپورٹ کے مطابق یہ فلم 25 اپریل کو پرائم ویڈیو پر نشر کی جائے گی۔ لہذا جج نے نوٹ کیا کہ پروڈیوسر تب تک تبدیلیاں کر سکتے ہیں۔ عدالت نے پٹھان کی تھیٹر میں ریلیز کے سلسلے میں کوئی ہدایت دینے سے انکار کر دیا۔ پٹھان 25 جنوری کو بڑے اسکرین پر ریلیز ہونے سے صرف چند دن دور ہے، لہٰذا عدالت نے مشاہدہ کیا کہ اب اس مرحلے میں فلم میں آڈیو ڈسکرپشن اور تھیٹر میں ریلیز کے لیے دیگر اقدامات کو شامل کرنے کی ہدایات نہیں دی جاسکتی لیکن اپریل میں پرائم ویڈیو پر فلم کے ریلیز کے حوالے سے ہدایات جاری کی گئیں۔