فلم کرن ارجن کی زبردست جوڑی کئی برسوں بعد ایک ساتھ زبردست ایکشن کرتے ہوئے بڑے پردے پر نظر آئی ہے۔ شاہ رخ خان اور سلمان خان نے پٹھان میں اپنی آن اسکرین یونین کے بارے میں بات کی ہے، جو باکس آفس پر ہر روز نئے ریکارڈ بنا رہی ہے۔ سلمان نے پٹھان میں ٹائیگر کے طور پر ایک کیمیو ادا کیا تھا۔ فلم میں سلمان اور شاہ رخ خان کے اوپر فلمائے گئے اس منظر کو شائقین کی جانب سے زبردست ردعمل ملا ہے۔ شاہ رخ خان کی فلم پٹھان، سلمان خان کی ایک تھا ٹائیگر اور ٹائیگر زندہ ہے اور ریتک روشن کی فلم وار یش راج فلمز کی اسپائی یونیورس کا حصہ ہے۔
فلم پٹھان کی کامیابی کے بعد حال ہی میں دونوں سپراسٹارز نے فلم میں کام کرنے کے اپنے تجربے کے بارے میں بات کی۔ بات چیت کے دوران شاہ رخ خان نے بتایا کہ انہوں نے ٹائیگر کے اسکارف کو ایک یادگار کے طور پر اپنے پاس رکھ لیا ہے۔ فلم کے ایک اہم سین میں جب بدمعاش شاہ رخ خان کو پکڑ لیتے ہیں تب اس دوران سلمان کی شاندار انٹری ہوتی ہے۔
اسکرین پر دوبارہ شاہ رخ خان کے ساتھ کام کرنے کے بارے میں سلمان بتاتے ہیں کہ 'بڑے پردے پر شاہ رخ اور مجھے ایک ساتھ لانے کے لیے ہمیشہ ایک خاص فلم کی ضرورت تھی اور مجھے خوشی ہے کہ پٹھان وہ فلم رہی۔ جب ہم نے کرن ارجن کی تھی، یہ ایک بلاک بسٹر تھی اور اب پٹھان، جو یش راج فلمز کی اسپائی یونیورس کا حصہ ہے، بھی ایک بلاک بسٹر ثابت ہوئی ہے۔ میں جانتا ہوں کہ شائقین ہمیں اسکرین پر ایک ساتھ دیکھنا پسند کرتی ہے اور مجھے خوشی ہے کہ انہوں نے پٹھان میں ہمیں اتنا پیار دیا ہے۔ جب آدی (آدتیہ چوپڑا) نے مجھے اس سین کے بارے میں بتایا اور ہمیں دوبارہ اسکرین پر ایک ساتھ لانے کے اپنے وژن کے بارے میں بتایا تو میں حیران رہ گیا'۔
انہوں نے مزید کہا کہ 'ان (آدتیہ چوپڑا ) کا ارادہ ہمارے مداحوں اور شائقین کو وہ دینا تھا جو وہ ہمیں کرتے ہوئے دیکھنا چاہتے تھے۔ یہ دیکھتے ہوئے کہ آدی مجھے اور شاہ رخ کو کتنا قریب سے جانتے ہیں، وہ واقعی میں اس سین میں ہمیں ویسا دکھانے میں کامیاب ہوئے جیسے کہ ہم ہیں۔یہی وجہ ہے کہ لوگ ہمیں سکرین پر دیکھ کر پیار کر رہے ہیں اور جس طرح سے سدھارتھ نے اس سین کو انجام دیا اور ہمیں پیش کیا وہ بالکل شاندار تھا۔ پٹھان جو ریکارڈ قائم کر رہی ہے اسے دیکھ کر میں شاہ رخ اور یش راج فلمز کے لیے خوش ہوں۔ یہ بھارتی سنیما کے لیے ایک بہت بڑی جیت ہے کہ ہم وبائی امراض کے بعد لوگوں کو تھیٹروں میں واپس لانے کے قابل ہوپائے ہیں'۔