حیدرآباد:پہلے پٹھان اور پھر جوان ان دو فلموں نے کنگ خان کے نام سے مشہور بالی ووڈ اداکار شاہ رخ خان کو فلمی دنیا میں پھر سے زندہ کردیا ہے۔ یہ دونوں فلمیں باکس آفس پر بلاک بسٹر ثابت ہوئی ہیں۔ پٹھان اور جوان فلموں نے نہ صرف بھارت میں بلکہ بین الاقوامی سطح پر کئی سو کروڑ کی کمائی کی ہے۔ گزشتہ چند برس پیشہ وارانہ اور ذاتی لحاظ سے شاہ رخ خان کے لیے برے ثابت ہوئے تھے۔ باکس آفس پر لگاتار تین فلمیں فلاپ دینے کے بعد شاہ رخ خان کی مقبولیت پر سوال کھڑے ہونے لگے تھے۔ تاہم شاہ رخ کی فلم بازیگر کا ایک مکالمہ " ہار کر جیتنے والے کو بازیگر کہتے ہیں "، فی الحال کنگ خان کی ہی زندگی پر فٹ بیٹھ رہا ہے۔ اسٹارڈم کھونے کے ڈر کے درمیان کنگ خان کے مداحوں کو ان کی پرفارمانس پر ہلکا شبہ ہوسکتا ہے لیکن شاہ رخ اور مداحوں کے درمیان باکس آفس کی کمائی کبھی نہیں آسکتی ۔ تین دہائیوں تک اپنے اسٹارڈم کو برقرار رکھنے والے شاہ رخ خان آج اپنی 58 ویں سالگرہ منا رہے ہیں۔ اب بالی ووڈ کے کنگ خان نئی امید کے ساتھ بالی ووڈ میں دوسری پاری کھیل رہے ہیں۔ شاہ رخ خان نے اپنا اسٹار ڈم واپس حاصل کرنے کے لیے بے انتہا سخت محنت کی ہے۔ اس محنت کا ہی نتیجہ ہے کہ کنگ خان کی جوان اور پٹھان نے 2 ہزار کروڑ روپئے کی کمائی کی ہے۔
ایک مرتبہ میگا اسٹار امیتابھ بچن کی سالگرہ کے موقع پر ایس آر کے نے بالی ووڈ کے شہنشاہ کے لیے ایک خوبصورت نوٹ لکھا تھا، جس میں انہوں نے اداکار کو 'عظیم شخص' اور 'سپرہیومن' جیسے اعلی القابات سے نوازا تھا ۔ خان نے یہ بھی انکشاف کیا تھا کہ انہوں نے بچن سے 'کبھی ہار نہ ماننے' کا ہنر سیکھا ہے۔ بگ بی کی طویل اور صحت مند زندگی کی خواہش کرنے کے ساتھ ساتھ ایس آر کے نے یہ بھی کہا کہ ایک چیز جو انہوں نے اپنے ساتھی اداکار سے سیکھی ہے وہ ہے' سیکھیں۔۔ بہتر کریں اور اسے دوبارہ کرتے رہیں۔۔ہمیشہ'۔ اب شاہ رخ کی باتوں سے محسوس ہوتا ہے کہ وہ اپنے کیرئیر کے دوسرے مرحلے میں اس پر عمل کر رہے ہیں۔