ممبئی: سپر اسٹار شاہ رخ خان نے شکایت کی کہ ان کی اہلیہ گوری خان ان کے کمرے کے علاوہ پوری دنیا کی ڈیزائننگ میں مصروف ہیں۔ پیر کی شام گوری خان کی کافی ٹیبل کتاب ' مائی لائف ان ڈیزائن' کے رسم اجراء کے موقع پر شاہ رخ خان نے یہ شکایت کی، اس کتاب کا پیش لفظ شاہ رخ خان نے لکھا ہے۔Shah Rukh Khan complains about wife
اپنے پیش لفظ میں شاہ رخ خان کہتے ہیں کہ 'میں یہ دیکھ کر بہت پرجوش ہوں کہ اس نے اپنی کتاب میں کیا شامل کیا ہے اور اس نے میری جگہ سے کئی زیادہ بہتر کچھ جگہوں کو ڈیزائن کیا ہے'۔ گوری خان ایک فلم پروڈیوسر ہونے کے علاوہ ایک مشہور انٹیریئر ڈیزائنر ہیں اور ان کی کتاب ان کے پیشہ ورانہ زندگی کے سفر کو بیان کرتی ہے۔ اس کتاب میں انہیں اپنے اہل خانہ کے ساتھ خوبصورت تصاویر میں دیکھا جاسکتا ہے۔
اس کتاب میں شاہ رخ خان کی ممبئی رہائش گاہ منت کی ان خوبصورت تصاویر کو بھی شامل کیا گیا ہے جسے لوگوں نے پہلے کبھی نہیں دیکھا ہوگا۔ منت کی خوبصورت لائبریری، جس میں شاہ رخ خان اپنے دن کا بیشتر حصہ گزارتے ہیں، کے علاوہ گھروالوں کی پسندیدہ جگہ کے بارے میں بھی ذکر ہے۔ منت کتاب میں اپنی تمام تر خوبصورتی کے ساتھ نظر آتی ہے۔