ممبئی:سال 2023 میں شاہ رخ خان کی فلموں نے باکس آفس پر خوب کمائی کی اور ان کی فلموں کے جادو نے ناظرین کو متاثر کیا۔ پٹھان، جوان اور ڈنکی کے باکس آفس کلیکشن نے ایک بار پھر ثابت کر دیا کہ شاہ رخ خان باکس آفس کے بادشاہ ہیں۔
شاہ رخ خان نے سال 2018 میں ریلیز ہونے والی فلم زیرو کے فلاپ ہونے کے بعد فلموں سے بریک لے لیا تھا۔ شاہ رخ خان نے یش راج بینر تلے بننے والی فلم پٹھان سے فلم انڈسٹری میں شاندار واپسی کی۔ پٹھان نے 657.5 کروڑ روپے کا مجموعی کلیکشن اور 1000 کروڑ روپے سے زائد کا ورلڈ وائڈ کلیکشن کیا۔ پٹھان کے بعد شاہ رخ خان کی فلم جوان ریلیز ہوئی۔
جنوبی ہند کے ہدایت کار ایٹلی کمار کی ہدایت کاری میں بنی فلم ’جوان‘ باکس آفس پر ’پٹھان‘ سے زیادہ کامیاب رہی۔ شاہ رخ خان فلم جوان میں باپ بیٹے کے ڈبل رول میں نظر آئے تھے۔ جوان نے دنیا بھر میں 1100 کروڑ سے زیادہ کی کمائی کی۔ شاہ رخ خان نے مختلف کرداروں میں اپنی اداکاری سے ثابت کیا کہ 55 سال کی عمر میں بھی وہ ہر انداز میں فٹ اور ہٹ ہیں۔
13 جنوری کو وشال بھاردواج کے بیٹے آسمان بھاردواج کی ہدایت کاری میں بننے والی ملٹی اسٹارر فلم ’کتے‘ ریلیز ہوئی تھی۔اس فلم میں ارجن کپور، کونکنا سین شرما، نصیر الدین شاہ، تبو اور رادھیکا مدن جیسے فنکار نظر آئے تھے۔ فلم کتے باکس آفس پر کوئی کمال نہیں دکھا سکی۔
سال 2023 میں شاہ رخ خان کی فلم پٹھان سے ہٹ فلموں کا آغاز ہوا۔ یوم جمہوریہ کے موقع پر ریلیز ہونے والی فلم پٹھان نے باکس آفس پر خوب کمائی کی، فلم میں شاہ رخ خان کے علاوہ دیپیکا پاڈوکون اور جان ابراہم نے اہم کردار ادا کیے تھے۔ جان ابراہم نے پٹھان میں منفی کردار ادا کیا۔
مزید پڑھھیں:
- بالی ووڈ کنگ کی فلم 'ڈنکی' ریلیز، شاہ رخ نے کہا، ارے یار اب پکچر دیکھنے تو جاؤ۔۔۔
- ایشا گپتا نے اسکائی بلیو گاؤن میں گلیمرس تصاویر شیئر کیں
روہت دھون کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم شہزادہ 17 فروری کو ریلیز ہوئی۔ فلم ’شہزادہ‘ الو ارجن کی ’الا ویکنتھا پورملو‘ کا ہندی ریمیک ہے۔ فلم شہزادہ میں کارتک آرین، کیرتی سینن، پریش راول، رونیت رائے اور منیشا کوئرالا مرکزی کردار میں ہیں۔ شہزادہ باکس آفس پر کوئی کمال نہ کر سکی۔ اکشے کمار اور عمران ہاشمی کی فلم سیلفی 24 فروری کو ریلیز ہوئی تھی۔ سیلفی 2019 ملیالم زبان کے کامیڈی ڈرامہ ’ڈرائیونگ لائسنس‘ کا ریمیک ہے۔ سیلفی بھی باکس آفس پر ڈھیر ہوگئی۔
ہولی کے موقع پر رنبیر کپور اور شردھا کپور اسٹارر فلم ’تو جھوٹی میں مکار‘ 8 مارچ کو ریلیز ہوئی۔ لو رنجن کی ہدایت کاری میں بنی ’تو جھوٹی میں مکار‘ نے باکس آفس پر 146 کروڑ روپے کی کمائی کی۔ رانی مکھرجی کی فلم مسز چٹرجی ورسیز ناروے 17 مارچ کو ریلیز ہوئی تھی۔ مسز چٹرجی ورسیز ناروے ایک جذباتی ڈرامہ طرز کی فلم ہے، جس کی کہانی ایک ہندوستانی خاتون کی ناروے کی حکومت کے ساتھ لڑائی کے سچے واقعے پر مبنی ہے۔
مسز چٹرجی ورسیز ناروے میں لیڈ دیپیکا چٹرجی (رانی مکھرجی) اپنے بچوں کی تحویل کے لیے ناروے حکومت سے لڑائی لڑتی ہیں۔ مسز چٹرجی ورسیز ناروے میں رانی مکھرجی کے ساتھ انیربان بھٹاچاریہ اور جم سربھ بھی اہم کرداروں میں ہیں۔ مسز چٹرجی ورسیز ناروے میں رانی مکھرجی کی اداکاری کو سراہا گیا، حالانکہ فلم ناکام ثابت ہوئی۔
فلم ’بھیڑ‘ 24 مارچ کو ریلیز ہوئی تھی۔ انوبھو سنہا کی ہدایت کاری میں بننے والی یہ فلم 2020 میں کورونا کے دوران ہندوستان میں نافذ لاک ڈاؤن کے پس منظر پر مبنی ہے۔ فلم میں راج کمار راؤ، پنکج کپور، بھومی پیڈنیکر، دیا مرزا اور آشوتوش رانا جیسے کئی اداکار شامل ہیں۔ بھیڑ باکس آفس پر کوئی کمال نہیں دکھا سکی۔
اجے دیوگن اور تبو کی سپر ہٹ جوڑی پر مشتمل فلم بھولا 30 مارچ کو ریلیز ہوئی تھی۔ ’بھولا‘ تامل ہٹ فلم ’کیتھی‘ کا ریمیک ہے۔ اجے دیوگن نے ہدایت کاری کے ساتھ ساتھ فلم بھولا میں اداکاری بھی کی، حالانکہ یہ فلم ناظرین کی توقعات کے مطابق ثابت نہیں ہوئی۔ آدتیہ رائے کپور اور مرنال ٹھاکر کی فلم گمراہ 7 اپریل کو ریلیز ہوئی تھی۔ ’گمراہ‘ ایک قتل پر مبنی فلم ہے۔ ’گمراہ‘ تیلگو فلم ’تھڈم‘ کا ہندی ریمیک ہے۔ گمراہ بھی باکس آفس پر ناکام ثابت ہوئی۔
سلمان خان کی انتظار کی جانے والی فلم کسی کا بھائی کسی جان 21 اپریل کو ریلیز ہوئی تھی۔ یہ فلم تامل فلم ویرم کا ریمیک ہے۔ ’کسی کا بھائی کسی کا جان‘ میں سلمان خان کے ساتھ پوجا ہیگڑے، وینکٹیش، بھومیکا چاولہ، راگھو جویال، سدھارتھ نگم، جسی گل، شہناز گل، پلک تیواری جیسے اداکار شامل ہیں۔ فرہاد سامجی کی ہدایت کاری میں بننے والی اس فلم کو ناظرین نے مسترد کر دیا۔
مزید پڑھیں:
- فلم کیرالا اسٹوری کی ریلیز پر پابندی کیلئے جمعیۃ علماء ہند سپریم کورٹ پہنچی
- رانی مکھرجی مردانی 3 میں کام کریں گی
ادا شرما کی فلم ’دی کیرالہ اسٹوری‘ 5 مئی کو ریلیز ہوئی تھی۔’دی کیرالہ اسٹوری‘ میں ادا شرما کی اداکاری کو بہت سراہا گیا تھا۔ اس فلم نے تقریباً 240 کروڑ روپے کا زبردست بزنس کیا۔ فلم دی کیرالہ اسٹوری میں کیرالہ کی 32 ہزار خواتین کے جبری مذہب تبدیل کرنے اور انہیں آئی ایس آئی ایس میں شامل کرنے کی کہانی کو دکھایا گیا ہے۔
وپل امرت لال شاہ کی پروڈیوس کردہ فلم کی ہدایت کاری سدیپتو سین نے کی۔ وکی کوشل اور سارہ علی خان کی ذرا ہٹ کے ذرا بچ کے 2 جون کو ریلیز ہوئی۔ ذرا ہٹ کے ذرا بچ کے نے باکس آفس پر 86 کروڑ روپے کی کمائی کی۔
سال 2023 کی سب سے زیادہ انتظار کی جانے والی فلموں میں شامل جنوبی ہند اسٹار پربھاس، سیف علی خان اور کیرتی سینن اسٹارر آدی پورش،، 16 جون کو ریلیز ہوئی۔ اوم راوت کی ہدایت کاری میں بنی ادی پورش کو کافی تنازعات کا سامنا کرنا پڑا۔ رامائن پر مبنی اس فلم میں پربھاس بھگوان رام کے کردار میں نظر آئے تھے، کیرتی سینن ماں سیتا کے کردار میں اور سیف علی خان راون کے کردار میں نظر آئے تھے۔ بڑے بجٹ میں بنائی گئی، آدی پورش نے ٹکٹ ونڈو پر 147 کروڑ روپے کمائے۔
کارتک آرین اور کیارا اڈوانی کی فلم ستیہ پریم کی کتھا 29 جون کو ریلیز ہوئی تھی۔ ستیہ پریم کی کتھا کو شائقین کا پیار ملا اور فلم نے 80 کروڑ روپے سے زائد کی کمائی کی تھی۔ ودیا بالن کی فلم ’نیت‘ 7 جولائی کو ریلیز ہوئی تھی۔ فلم ’نیت‘ ایک قتل کی پراسرار کہانی ہے جس میں ودیا بالن کے ساتھ رام کپور، نیرج کابی، راہل بوس، شاہانہ گوسوامی، امریتا پوری، دیپانیتا شرما، پراجکتا کوہلی شامل ہیں۔ نیت ٹکٹ کھڑکی پر اچھی کارکردگی نہیں دکھا سکی۔