ممبئی: بالی ووڈ کے سپراسٹار سلمان خان ایک بار پھر اپنی سکیورٹی کے حوالے سے سرخیوں میں ہیں۔ غور طلب ہو کہ حال ہی میں کینیڈا میں پنجابی گلوکار اور اداکار گپی گریوال کے گھر پر لارنس بشنوئی گینگ نے حملہ کیا تھا، جہاں سے یہ پیغام سلمان خان کو بھیجا گیا تھا۔ گینگسٹر نے گپی گریوال کو بھی پیغام دیا تھا کہ یہ سلمان خان کے ساتھ رہنے کا نتیجہ ہے۔ ایسے میں وائی پلس سکیورٹی سے لیس سلمان خان کی سکیورٹی بڑھا دی گئی ہے۔ سلمان خان کو لارنس بشنوئی کی جانب سے بار بار جان سے مارنے کی دھمکیاں مل رہی ہیں۔
سلمان خان کو ملی نئی دھمکی: ایک بار پھر سلمان خان کو فیس بک پر لارنس بشنوئی گینگ کی جانب سے ایک نئی دھمکی موصول ہوئی ہے، جس کے بعد ممبئی پولیس نے سلمان کی وائی پلس سکیورٹی کا جائزہ لیا اور اسے مزید بہتر بنانے کے لیے اقدامات کیے ہیں۔ وہیں اس دھمکی سے کہیں نہ کہیں سلمان خان بھی تھوڑا پریشان ہو گئے ہیں۔ فی الحال ممبئی پولیس نے سلمان خان کو الرٹ رہنے کو کہا ہے۔ سلمان خان کی سکیورٹی کا جائزہ لیتے ہوئے ایک افسر نے کہا کہ 'ہم نے اداکار کو ملنے والی نئی دھمکی کی بنیاد پر ان کی سکیورٹی کا جائزہ لیا ہے، تاکہ کسی قسم کی کسر نہ رہے، ہم نے اداکار سے رابطہ کیا ہے اور انہیں الرٹ رہنے کا حکم دیا ہے۔