حیدرآباد: بالی ووڈ سپر اسٹار سلمان خان عام طور پر اپنی دوستی کے لئے جانے جاتے ہیں۔ تاہم اب وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں اداکار کا ایک مختلف رخ دیکھنے کو مل رہا ہے۔ سلمان خان اور وکی کوشل کی آئیفا 2023 سے سامنے آئی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہے اور شائقین وکی کے ساتھ ہوئے برے رویے سے خوش نہیں ہیں۔ ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ وکی سلمان کو دیکھتے ہوئے ان سے ملنے کے لیے آگے بڑھتے ہیں لیکن دبنگ اداکار کے باڈی گارڈ انہیں پیچھے کی طرف دکھیل دیتے ہیں۔SK's bodyguards pushes Vicky
وکی کوشل کو مبینہ طور پر سیکیورٹی خدشات کی وجہ سے ابوظہبی میں جاری آئیفا ایوارڈ میں بالی ووڈ اسٹار سلمان خان سے ملنے کی اجازت نہیں دی گئی۔ ویڈیو میں وکی مداحوں کے ساتھ سیلفی لیتے ہوئے نظر آرہے ہیں جب کہ سلمان اور ان کی سیکیورٹی وہاں سے گزرتے نظر آرہے ہیں۔ سلمان کے سیکیورٹی گارڈ وکی کو پیچھے دھکیل دیتے ہیں اور انہیں ٹائیگر 3 کے اداکار سے ہاتھ ملانے سے بھی روکتے ہیں۔
وکی بھی ہاتھ ملانے کے لیے سپر اسٹار کی جانب اپنا ہاتھ بڑھانے کی کوشش کرتے ہیں لیکن یہاں انہیں پیچھے دکھیل دیا جاتا ہے۔ سوشل میڈیا صارفین اس ویڈیو کو بہت شیئر کر رہے ہیں جس سے اب سوشل میڈیا میں ایک جنگ چھڑ گئی ہے۔ جہاں وکی کے مداح اس ویڈیو پر کافی تنقید کر رہے ہیں وہیں سلمان کے مداح اپنے پسندیدہ اداکار کا دفاع کر رہےہیں۔