ممبئی: ممبئی پولیس نے اداکار سلمان خان کو دھمکی آمیز ای میل بھیجنے کے الزام میں ایک شخص کے خلاف لک آؤٹ سرکلر (ایل او سی) جاری کیا ہے۔ حکام کے مطابق، اس شخص نے مبینہ طور پر مارچ میں گینگسٹر گولڈی برار کے نام سے دبنگ اسٹار کو دھمکی آمیز پیغامات ای میل کیے تھے۔ اے این آئی کی رپورٹس کے مطابق کہا جا رہا ہے کہ مارچ میں گینگسٹر گولڈی برار کے نام سے ایک شخص سلمان خان کو مبینہ طور پر جان سے مارنے کی دھمکیاں ای میل کر رہا ہے۔ نیوز پورٹل نے اپنے آفیشل ٹویٹر ہینڈل پر لکھا کہ سلمان خان کو جان سے مارنے کی دھمکی معاملے میں ممبئی پولیس نے ایک ملزم کے خلاف لک آؤٹ نوٹس جاری کیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس نے بتایا کہ مشتبہ شخص ہریانہ سے تعلق رکھنے والا میڈیکل تھرڈ ایئر کا طالب علم ہے۔ پولیس نےبتایا کہ ' سلمان خان کو دھمکی آمیز ای میلز بھیجنے والا ملزم ہریانہ کا رہائشی ہے اور برطانیہ میں میڈیکل کی تعلیم حاصل کر رہا ہے۔ اس نے مبینہ طور پر مارچ میں گینگسٹر گولڈی برار کے نام سے دبنگ اسٹار کو دھمکی آمیز پیغامات ای میل کیے تھے۔ اس کے بعد بالی ووڈ سپر اسٹار کو Y پلس سکیورٹی فراہم کی گئی۔
تاہم باندرہ پولیس نے اس کی شناخت ظاہر کرنے سے انکار کر دیا ہے کیونکہ اسے بھارت کے حوالے کرنے کے لیے قانونی کارروائی جاری ہے۔ واضح رہے کہ سلمان خان کو مارچ میں گینگسٹر گولڈی برار کے نام سے ای میل کے ذریعے دھمکی ملی تھی۔ یہ میل خان کے ایک قریبی دوست کو بھیجا گیا تھا۔ مارچ میں ممبئی پولیس نے راجستھان پولیس کے ساتھ مشترکہ کارروائی میں اس معاملے میں ایک شخص کو گرفتار کیا تھا جس کی شناخت ڈھاکڑ رام کے نام سے کی گئی تھی۔ بتادیں کہ گولڈی برار نے مبینہ طور پر پنجابی گلوکار سدھو موسے والا کو گزشتہ سال مئی میں قتل کر دیا تھا۔