پاکستانی اداکارہ سجل علی کی پہلی عالمی فلم 'واٹس لو گاٹ ٹو ڈو ود اٹ' کا ٹریلر ریلیز ہونے کے ساتھ مداحوں کا طویل انتظار اب ختم ہوتا ہے۔ فلم کے دو منٹ سے کم دورانیے کے ٹریلر کو دیکھ کر اب فلم کی کہانی کا اندازہ لگا سکتے ہیں۔ اس فلم کی ہدایتکاری مشہور بھارتی ڈائریکٹر شیکھر کپور نے کی ہے۔ فلم میں مشہور برطانوی اداکارہ لی لی جیمس، ایما تھامپسن اور شبانہ اعظمی اہم کردار میں نظر آئیں گے۔Sajal Ali Hollywood Film Trailer Out
فلم کی کہانی برطانوی لڑکی زوئی( لی لی جیمس) اور برطانوی نژاد پاکستانی لڑکے ( شہزاد لطیف) کے ارد گرد گھومتی ہے۔ ٹریلر میں دکھایا گیا ہے کہ لی لی اور شہزاد ایک دوسے پڑوسی اور بچپن کے دوست ہوتے ہیں۔ شہزاد کے والدین اس کی شادی کروانا چاہتے ہیں اور رشتہ کے لیے وہ کئی افراد سے ملاقات کرتے ہیں۔
ٹریلر میں دکھایا گیا ہے کہ شہزاد کا رشتہ پاکستان سے تعلق رکھنے والی لڑکی سے طئے ہوجاتا ہے، جس کا کردار سجل علی ادا کر رہی ہیں۔ شادی طے ہونے کے بعد شہزاد کی دوست زوئی ان کے ہمراہ لندن سے پاکستان آتی ہیں تاکہ وہ پاکستان میں ہونے والی دیسی شادی پر ایک دستاویزی فلم بناسکے۔
ٹریلر میں سجل علی کی دو چار بار ہی جھلک دیکھنے کو ملتی ہے وہیں ٹریلر میں مشہور گلوکار راحت فتح علی خان بھی نظر آرہے ہیں جو فلم میں سجل اور شہزاد کی شادی کی تقریب میں پرفارمنس کرتے دکھائی دیں گے۔ فلم میں شبانہ اعظمی کا بھی اہم کردار ہے اور وہ شہزاد لطیف کی والدہ کا کردار ادا کر رہی ہیں۔