حیدرآباد (تلنگانہ): وکرم ویدھا کے ٹیزر کو آج ریلیز کردیا گیا ہے، یہ ٹیزر بالی ووڈ کے لیے نئی امید کی کرن لے کر آئی ہے۔ اس ایکشن تھرلر فلم میں ریتک روشن اور سیف علی خان مرکزی کردار میں ہیں۔ وکرم ویدھا اسی نام سے ریلیز ہونے والی تمل فلم کا ہندی ریمیک ہے۔ تمل فلم کی ہدایتکاری کرنے والے پشکر اور گایتری نے ہی اس ہندی ریمیک کی بھی ہدایتکاری کی ہے۔Vikram Vedha Teaser
وکرم ویدھا کا ٹیزر ایک سخت پولیس افسر کی کہانی کی ایک جھلک پیش کرتا ہے، جس کا کردار سیف علی خان نے ادا کیا ہے، جو ایک خطرناک گینگسٹر کا سراغ لگانے کی کوشش کر رہا ہے، جس کا کردار ریتک روشن نے کیا ہے۔ ایک منٹ اور 54 سیکنڈ کے اس طویل ٹیزر میں فلم کی کہانی سے پردے ہٹانے کی کوشش کی گئی ہے۔
ٹیزر میں ریتک ویدھا کے کردار میں نظر آرہے ہیں اور ٹیزر کو دیکھ کر محسوس ہورہا ہے کہ اداکار کو اس طرح کے کردار میں پہلے کبھی نہیں دیکھا گیا ہے۔ پہلی بار ریتک منفی کردار ادا کر رہے ہیں اور بطور اداکار وہ بالکل نئے قسم کی اداکاری کی دنیا میں قدم رکھنے والے ہیں کیونکہ اس فلم کے ذریعہ ریتک 'بالی ووڈ ہیرو' کی اپنی پہچان کو مٹاکر نئی شناخت بنانے والے ہیں۔