بالی ووڈ اداکارہ ریچا چڈھا کو آج اپنے گلوان ٹویٹ پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے سخت ردعمل اور غصے کا سامنا کرنا پڑا۔جس کے بعد اداکارہ نے اب ایک بیان جاری کرتے ہوئے 'فوجی بھائیوں' کے جذبات کو مجروح کرنے پر معافی مانگی ہے اور ساتھ ہی اپنا متنازعہ ٹویٹ بھی حذف کردیا ہے۔اداکارہ نے کہا کہ ان کا مقصد کسی کو ناراض یا تکلیف پہنچانا نہیں تھا۔
ریچا چڈھا نے اپنے معافی نامہ میں لکھا کہ 'حالانکہ میرا ارادہ یہ کبھی نہیں تھا، اگر یہ تین الفاظ، جسے تنازعہ کی شکل دی گئی، سے کسی کی دل آزاری یا تکلیف پہنچی ہو تو میں اس کے لیے معذرت خواہ ہوں اور یہ بھی کہنا چاہوں گی اگر غیر ارادای طور پر میرے الفاظ نے فوج میں میرے بھائیوں میں یہ احساس پیدا کیا ہے تو یہ میرے لیے افسردگی کی بات ہے کیونکہ فوج میں میرے نانا جی کا بھی نمایاں حصہ رہا ہے'۔
اپنے معافی نامہ میں ریچا چڈھا نے کہا کہ ان کے دادا، ایک "لیفٹیننٹ کرنل" کو ہند-چین جنگ میں ٹانگ میں گولی لگی تھی۔ میرے ماما جی ایک پیرا ٹروپر تھے۔ یہ میرے خون میں ہیں۔ ملک کی حفاظت میں جب ایک بیٹا شہید ہوتا ہے یا اسے چوٹ آتی ہے تو اس سے پورا خاندان متاثر ہوتا ہے۔ میں ذاتی طور پر جانتی ہوں کہ اس سے کیسا محسوس ہوتا ہے۔ یہ میرے لیے ایک جذباتی مسئلہ ہے'۔
واضح رہے کہ اداکارہ نے جمعرات کی صبح شمالی فوج کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل اوپیندر دویدی کے اس بیان پر متنازعہ پوسٹ کیا تھا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ بھارتی فوج پاکستان کے زیر قصبہ کشمیر کے حصوں کو واپس لینے اور پاکستان کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے تیار ہے'۔ کمانڈر کے بیان کو شیئر کرتے ہوئےریچا چڈھا نے ٹویٹر پر طنز کرتے ہوئے لکھا تھا 'گلوان کہتا ہے ہیلو'۔ حالانکہ ریچا نے اب یہ پوسٹ ہٹادیا ہے۔ Richa Chadda Trolled for Galwan Tweet
پاکستان کے زیر قبضہ کشمیر کے کچھ حصوں کو واپس لینے کے بارے میں وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کے بیان پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے شمالی فوج کے کمانڈر اوپیندر دویدی نے کہا تھا کہ 'بھارتی فوج پاکستان کے زیر قبضہ کشمیر (پی او کے) کو واپس لینے جیسے احکامات پر عملدرآمد کرنے کے لیے تیار ہے۔ فوج حکومت سے کوئی بھی حکم لینے اور انہیں (پاکستان) کو منہ توڑ جواب دینے کے لیے 'ہمیشہ تیار' ہے۔ اس بیان پر ایک پوسٹ شیئر کرتے ہوئے ریچا چڈھا نے ٹویٹ کیا کہ ' گلوان کہتا ہے ہیلو'۔
جیسے ہی اداکارہ نے یہ ٹویٹ کیا سوشل میڈیا پر طوفان آگیا اور لوگوں نے بھارت اور چین کے درمیان 2020 کے تصادم کے بارے میں بات کرتے ہوئے اداکارہ کو جوانوں کی قربانی کی اہمیت کو کم کرنے پر تنقید کا نشانہ بنایا۔ ٹویٹر پر بہت سے لوگوں نے ریچا کی پوسٹ کو "شرمناک اور بیہودہ" قرار دیتے ہوئے اپنے ردعمل کا اظہار کیا۔
بی جے پی نے ایک ویڈیو بیان میں اس پوسٹ کی مذمت بھی کی ہے۔ بی جے پی ترجمان نلن کوہلی نے کہا کہ ' بھارت اور بھارتی، آرمی اور مسلح افواج کا احترام کرتے ہیں۔ جب ہمارے چیف آف آرمی کچھ کہتے ہیں تو ہم ان کا احترام کرتے ہیں۔ یہ بدقسمتی کی بات ہے کہ سوشل میڈیا پر کچھ پوسٹ کرکے کوئی شخص فوج کا مذاق اڑاتا ہے۔ کیا یہ صحیح ہے؟ کیا ہم اس بہادری کو سمجھتے ہیں جو گلوان میں ہمارے سپاہیوں نے دکھائی تھی، جنہوں نے اپنی وطن کے لیے لڑتے ہوئے اپنی جان قربان کردی؟ اس قسم کے پوسٹ کا سامنے آنا بدقسمتی اور قابل مذمت ہے۔