بالی ووڈ حسیناؤں نے بھی ریچا چڈھا کے متنازعہ ٹویٹ پر ردعمل کا اظہار کیا ہے، جن میں روینہ ٹنڈن اور سوارا بھاسکر شامل ہیں۔ جہاں روینہ نے ریچا چڈھا کے ٹویٹ پر سامنے آئے ایک صحافی کے ردعمل پر جواب دیتے ہوئے لکھا کہ ' فوج اور شہیدوں کی قربانیوں کا مذاق نہیں اڑانا چاہیے'۔ جبکہ سوارا بھاسکر نے ریچا چڈھا کی حمایت کی ہے۔Richa Chadha's Galwan tweet
دراصل ٹویٹر پر ایک صحافی نے ریچا چڈھا کے ٹویٹ کا اسکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے لکھا تھا' گزشتہ چار دہائیوں سے آئی ایس آئی کا پیسہ بالی ووڈ میں لگ رہا ہے۔ یہ پیسے کبھی انڈر ورلڈ کے ذریعہ کبھی ڈھکے چھپے اثاثوں کے ذریعہ بالی ووڈ میں آتا ہے۔ ایسے خونی غداروں کے وجود کی کوئی وضاحت نہیں ہے'۔ اس ٹویٹ کے جواب میں 'روینہ ٹنڈن لکھتی ہیں کہ ' آپ سے التجا ہے کہ آپ سب کو ایک زمرے میں شامل نہ کریں۔ اس سے ہندی فلم انڈسٹری کے تئیں نفرت پیدا ہوتی ہے۔انڈسٹری میں ہمیشہ ایسے مضبوط محب وطن رہے ہیں جنہیں چند لوگوں کی وجہ سے تنقید کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور ان کے کام کو زہر اور نفرت کا سامنا کرنا پڑتا ہے'۔
ایک اور ٹویٹ کرتے ہوئے روینہ لکھتی ہیں کہ ' میں متفق ہوں، یہاں مختلف سیاسی رائے اور ترجیحات ہیں لیکن جب بات ہماری فوج، سرحدوں پر تعینات سپاہیوں، ہمارے شہداء، کی بات آتی ہے تب مذاق و طنز سے ان کی اور ان کے خاندانوں کی قربانیوں کو کمزور نہیں کیا جاسکتا'۔
ہفتہ کو ٹویٹر پر سوارا بھاسکر نے ریچا کی حمایت میں لکھا ' آپ کو طاقت اور محبت بھیج رہی ہوں'۔ بالی ووڈ کی متعدد مشہور شخصیات نے ریچا کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔واضح رہے کہ حال ہی میں ریچا نے شمالی فوج کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل اوپیندر دویدی کے اس بیان پر رد عمل ظاہر کیا تھا کہ جس میں کہا گیا تھا کہ ہندوستانی فوج پاکستان کے زیر قبضہ کشمیر (پی او کے) پر دوبارہ دعویٰ کرنے میں 'حکومت کے احکامات کا انتظار کر رہی ہے'۔ بیان کو شیئر کرتے ہوئے ریچا نے اپنے ٹویٹر ہینڈل پر لکھا تھا 'گلوان کہتا ہے ہیلو'۔ حالانکہ ریچا نے اپنا یہ ٹویٹ ہٹا دیا ہے اور معافی بھی مانگی ہے۔