نئی دہلی: مقبول کامیڈین راجو سریواستو کی حالت میں معمولی بہتری آئی ہے، جو گزشتہ چند روز لائف سپورٹ پر آئی سی یو میں زیر علاج ہیں۔ راجو سریواستو کے منیجر نے منگل کو یہ جانکاری دی ہے۔ سریواستو کو 10 اگست کو دل کا دورہ پڑنے کے بعد یہاں کے آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (ایمس) میں داخل کرایا گیا تھا۔ 58 سالہ اسٹینڈ اپ کامک کی اسی دن انجیو پلاسٹی کی گئی تھی۔
آرٹسٹ کے منیجر نین سونی نے کہا کہ 'راجو سریواستو کی حالت آہستہ آہستہ بہتر ہو رہی ہے۔ وہ علاج کا جواب دے رہے ہیں۔ ان کی صحت میں بہتری آئی ہے اور وہ اب اپنے جسم کے اعضا کو حرکت دینے کے قابل ہیں'۔ انہوں نے مزید بتایا کہ 'وہ فی الحال آئی سی یو میں اور وینٹی لیٹر پر ہیں۔ ڈاکٹروں نے بتایا ہے کہ انہیں ہوش میں آنے میں تقریباً ایک ہفتہ لگے گا'۔
پچھلے ہفتے سریواستو کے اہل خانہ نے انسٹاگرام پیج پر ایک بیان جاری کیا تھا۔ جس میں کہا گیا تھا کہ راجو سریواستو کی حالت 'مستحکم' ہے اور لوگوں سے درخواست کی تھی کہ 'کسی بھی افواہ/جعلی خبروں پر توجہ نہ دیں'۔
'گجودھر بھیا' کے نام سے مشہور راجو سریواستو کا شمار ملک کے مشہور اسٹینڈ اپ کامیڈین میں ہوتا ہے ۔ وہ پہلی بار فلم 'تیزاب' (1988) میں نظر آئے تھے۔ اس کے بعد انہیں فلم میں نے پیار کیا (1989)، بازیگر (1993)، آمدنی اٹھنی خرچہ روپیہ (2001) اور آخری بار کامیڈین کپل شرما کی فلم 'فرنگی' میں ایک خاص کردار میں دیکھا گیا ہے۔ ٹی وی سیریز کی بات کریں تو سال 1994 میں انہیں پہلی بار دور درشن پر نشر ہونے والے کامیڈی شو 'ٹی ٹائم منورجن' میں دیکھا گیا تھا۔ اس کے بعد راجو سریواستو نے کامیڈی شو 'دی گریٹ انڈین لافٹر چیلنج' میں شائقین کو کافی ہنسایا تھا۔
مزید پڑھیں:Raju Srivastava Health Update: اہل خانہ نے بتایا راجو سریواستو کی حالت مستحکم