نئی دہلی: اپنی حیرت انگیز کامیڈی سے گھر گھر لوگوں کو خوشی کے آنسو دینے والے 'گجودھر بھیا' راجو سریواستو کی آج آخری رسومات ادا کردی گئی ہے۔ راجو کا آج دہلی کے نگم بودھ گھاٹ پر خاندان کے افراد اور قریبی رشتہ داروں کی موجودگی میں آخری رسومات ادا کردی گئی ہے۔ یہاں اترپردیش کے وزیر سیاحت بھی راجو کو آخری بار الوداع کہنے شمشان گھاٹ پہنچے تھے۔ مداحوں سے لے کر بالی ووڈ کی مشہور ہستیاں نے راجو کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
راجو کو آخری الوداع کہتے ہوئے ان کے اہل خانہ اور مداحوں کی آنکھیں نم نظر آئی۔ اس صبح 8 بجے دہلی کے دشرتھ پوری سے ان کے جنازے کو نکالا گیا۔ ان کے اس آخری سفر کو دیکھنے کے لیے مداحوں کی بڑی تعداد پہنچی تھی۔ ان کے جنازہ کو ایمبولینس میں دشرتھ پوری سے پالم تک لے جایا گیا۔ جس کے بعد نگم بودھ گھاٹ پر ان کی آخری رسومات ادا کی گئی۔
راجو سریواستو کے اہل خانہ اور دوستوں کے لیے یہ بہت ہی غمگین دن ہے۔ 21 ستمبر کو دہلی کے ایمس میں زیر اعلاج 'کنگ آف کامیڈی' نے 58 سال کی عمر میں آخری سانس لی۔ آج پورا خاندان نگم بودھ گھاٹ پر کامیڈین کی آخری رسومات کے لیے دہلی میں ہے۔ راجو شریواستو کی بیٹی انترا سریواستو نے اپنے والد کے عزیز ترین دوستوں اور کنبہ کے افراد کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے سوشل میڈیا پر تعزیت کا اظہار کیا۔
انترا نے اپنے انسٹاگرام پیج پر کچھ انسٹااسٹوری کا جواب دیا اور اس مشکل وقت میں ان کے خاندان کے ساتھ اظہار تعزیت کرنے والوں کا شکریہ ادا کیا۔ انترا نے ادکارہ جوہی ببر سونی، فلمساز کجری ببر اور دیگر کا شکریہ ادا کیا۔