ممبئی: شاہ رخ خان کی فلم 'پٹھان' ریلیز کے لیے تیار ہے۔ یہ فلم 25 جنوری کو یوم جمہوریہ کے موقع پر ریلیز ہو رہی ہے۔ فلم کی ریلیز میں ابھی پانچ دن باقی ہیں اور مداحوں نے فلم کے لیے ایڈوانس بکنگ شروع کردی ہے۔ پٹھان نے ایڈوانس ٹکٹ بکنگ میں نئے ریکارڈ قائم کیے ہیں۔ فلم نے اپنی ایڈوانس ٹکٹ بکنگ سے 9 کروڑ روپے سے زیادہ کی کمائی کرلی ہے۔ ایسے میں ایڈوانس بکنگ کی بنیاد پر 'پٹھان' کی پہلی دن کی کمائی کا تخمینہ سامنے آیا ہے۔Pathaan Advance Booking
تجارتی تجزیہ کار ترن آدرش کے ٹویٹ کے مطابق 'جمعرات کی رات گیارہ بجے تک فلم کی ایڈوانس بکنگ میں 1 لاکھ 17 ہزار ٹکٹیں فروخت ہوچکے ہیں۔ جو آج تک ہندی سنیما میں نہیں ہوا۔ ایڈوانس بکنگ کی اس بڑی کمائی پر ترن کہتے ہیں کہ باکس آفس پر سونامی آنے والی ہے۔ آپ کو بتاتے چلیں کہ پٹھان دیکھنے کے لیے پی وی آر میں 51 ہزار، آئنوکس میں 38 ہزار 500 اور سائنپولیس میں 27 ہزار 500 ٹکٹ فروخت ہوچکے ہیں۔
اس کے مطابق کہا جا رہا ہے کہ فلم 'پٹھان' پہلے دن باکس آفس پر 39 سے 41 کروڑ روپے کما سکتی ہے، کیونکہ چار سال بعد شاہ رخ خان بطور مرکزی اداکار پٹھان کے ساتھ اسکرین پر واپس آ رہے ہیں۔ اس سے پہلے شاہ رخ کی چار فلمیں (زیرو، فین اور جب ہیری میٹ سیجل) باکس آفس پر بری طرح ناکام ثابت ہوئی تھی۔ اب شاہ رخ خان کو فلم 'پٹھان' سے بہت امیدیں ہیں۔ ممکن ہے کہ 'پٹھان' سال 2023 کی سب سے بڑی اوپننگ کرنے والی فلم ثابت ہوگی۔