ممبئی: اداکار پنکج ترپاٹھی بائیوپک 'میں رہوں یا نہ رہوں یہ دیش رہنا چاہیئے اٹل' میں سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپائی کا کردار ادا کرنے جارہے ہیں۔ میکرز نے جمعہ کے روز اس کا اعلان کیا ہے۔ اتکرش نیتھنی کی تحریر کردہ اور تین بار نیشنل ایوارڈ یافتہ روی جادھو کی ہدایت کاری میں بننے والی یہ فلم واجپائی کے سفر کے گرد گھومے گی، جو بھارتی جنتا پارٹی ( بی جے پی) کے شریک بانی اور سینئر رہنما تھے۔Pankaj Tripathi to Paly Atal Vajpayee
ترپاٹھی نے کہا کہ وہ واجپائی جیسی مشہور کثیر جہتی شخصیت کا کردار ادا کرنے پر فخر محسوس کرتے ہیں۔ 46 سالہ اداکار نے ایک بیان میں کہا کہ ' ایسے سیاست داں کو اسکرین پر پیش کرنا اعزاز کی بات ہے۔ وہ صرف ایک سیاستداں ہی نہیں بلکہ اس سے بھی بڑھ کر تھے، وہ ایک بہترین مصنف اور ایک نامور شاعر تھے'۔
ناترنگ اور بالگندھروا جیسی مراٹھی فلموں کی ہدایتکاری کے لیے مشہور جادھو نے کہا کہ ' یہ ان کے لیے سنہرا موقع ہے کہ ترپاٹھی جیسے باصلاحیت اداکار کے ساتھ انہیں آنجہانی لیڈر پر فلم بنانے کا موقع ملا'۔ انہوں نے مزید کہا کہ 'ایک ہدایت کار کے طور پر مجھے اٹل جی سے بہتر کوئی اور کہانی نہیں مل سکتی تھی۔ اس کے علاوہ پنکج ترپاٹھی جیسے مثالی اداکار جو اٹل جی کی کہانی کو اسکرین پر لائیں گے اور پروڈیوس کا تعاون۔ مجھے امید ہے کہ میں اٹل کے ساتھ لوگوں کی توقعات پر پورا اتر سکوں گا'۔